ایران میں پاکستانی سفیر: علاقائی امن و سلامتی کے حوالے سے تہران اور اسلام آباد میں مکمل ہم آہنگی ہے

اسلام آباد - ارنا - تہران میں پاکستانی سفیر نے جنوبی ایشیا میں کشیدگی کم کرنے میں تعاون کی پیشکش کے لیے ایران کے تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے تاکید کی کہ علاقائی امن و سلامتی کے حوالے سے تہران اور اسلام آباد میں مکمل ہم آہنگی ہے۔

ایران میں پاکستانی سفیر محمد مدثر ٹیپو نے ایران کے وزیر خارجہ کے پاکستان کے سرکاری دورے کے حوالے سے آج (اتوار) اسلام آباد میں IRNA کے نمائندہ کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہا کہ ہم اس حساس موقع پر سید عباس عراقچی کے دورہ اسلام آباد کو بہت اہم سمجھتے ہیں، اور ہم اپنے اہم پڑوسی ایران کی کوششوں کو سراہتے ہیں جو کہ دونوں ممالک کے درمیان بات چیت اور ہم آہنگی کو مضبوط بنانے کے لیے ہیں۔

انہوں نے اسلام آباد اور نئی دہلی کے درمیان کشیدگی کے بعد پاک ایران اعلی عہدداروں کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان ہونے والی حالیہ مشاورت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے کی جغرافیائی سیاسی اہمیت اور اپنے اسٹریٹجک مفادات کے تحفظ سے آگاہ ہے اور تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہم نے بھارت میں حالیہ حملے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کے لیے تعاون کا اعلان کیا ہے۔

ایران میں پاکستان کے سفیر نے اپنے مشرقی پڑوسی کے خطرناک عزائم کے بارے میں تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد پوری صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ ہم کسی بھی فوجی مہم جوئی کا جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔ تاہم، ہم سمجھتے ہیں کہ ان مسائل کو سیاسی اور سفارتی ذرائع سے حل کیا جانا چاہیے۔

محمد مدثر نے کہا کہ پھلگام میں ہونے والے حالیہ حملے سے پاکستان کا کوئی تعلق نہیں ہے، اور بدقسمتی سے بھارت ہم پر یکطرفہ الزامات لگا رہا ہے، اور اس صورت حال سے جنوبی ایشیا میں حالات کشیدہ ہو گئے ہیں۔

انہوں نے پاک ایران قریبی اور اچھے تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ایرانی حکام کی جانب سے تعمیری اور دانشمندانہ نقطہ نظر سے جنوبی ایشیا کے مسائل کے سفارتی حل اور کشیدگی میں کمی کی پیشکش کو سراہا۔

پاکستانی سفیر نے کہا کہ دونوں ممالک کے باہمی دلچسپی کے دیگر امور بشمول دوطرفہ تعاون کا فروغ بھی پاک ایران اعلی حکام کے درمیان مذاکرات کے ایجنڈے میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایرانی وزیر خارجہ کا دورہ اسلام آباد دونوں ہمسایہ ممالک کے لیے بین الاقوامی صورت حال بالخصوص ایران- امریکہ بالواسطہ مذاکرات کے حوالے سے تبادلہ خیال کا اچھا موقع ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کے مطابق، ایرانی وزیر خارجہ پیر 5 مئی کو پاکستان کا دورہ کریں گے جہاں وہ اعلیٰ عہدے داروں سے ملاقات میں علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے۔

اسماعیل بقائی نے بتایا کہ سید عباس عراقچی اس ہفتے ہندوستان کا سرکاری دورہ بھی کریں گے۔

پاکستانی وزارت خارجہ نے آج سہ پہر ایک بیان جاری کرتے ہوئے سید عباس عراقچی کے دورہ کو پاک ایران  مضبوط تعلقات کا  اظہار قرار دیا اور کہا کہ ایرانی وزیر خارجہ کل اسلام آباد کا دورہ کریں گے جہاں وہ پاکستان کے صدر، وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سے ملاقات کریں گے۔

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .