پاکستان کی قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے چیئرمین: ہم قیام امن کے لیے ایران کے اقدامات کو سراہتے ہیں

اسلام آباد - ارنا - سینئر سیاست دان اور پاکستان کی قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے چیئرمین نے اقتصادی، سرحدی اور سلامتی کے شعبوں میں ایران کے ساتھ تعاون کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم خطے میں امن کے لیے ایرانی بھائیوں کی کوششوں پر یقین رکھتے ہیں اور مشرق وسطیٰ سے جنوبی ایشیا تک امن کے قیام کے لیے تہران کے اقدامات کی حمایت کرتے ہیں۔

اتوار کے روز اسلام آباد میں IRNA کے نمائندے کے ساتھ خصوصی انٹرویو میں سردار فتح اللہ خان میانخیل نے ایران کے وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ سید عباس عراقچی کا دورہ خطے میں امن کے لیے ایک اہم سفارتی قدم ہے جسے پارلیمنٹ میں اہم سمجھا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے، جنوبی ایشیا میں حالیہ بدمزگی نے ایک بار پھر پاکستان اور ہندوستان کے درمیان تعلقات کو کشیدہ کر دیا ہے، اور یہ بات خوش آئند ہے کہ ہمارے قریبی پڑوسی اور برادر ملک ایران نے ان مسائل میں مدد کے لیے تعاون کی پیشکش کی ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رکن نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ یہ دورہ پاکستانی حکام کے لیے ایران کی حکومت کے ساتھ دو طرفہ تعلقات، افغانستان، مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور سب سے بڑھ کر ہندوستان کے ساتھ ہماری کشیدگی سے متعلق تازہ ترین صورتحال کے بارے میں بات کرنے کا ایک شاندار موقع فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم امن پسند لوگ ہیں اور اپنے ایرانی بھائیوں کی جانب سے تنازعات کو حل کرنے میں مدد کی پیشکش کا خیرمقدم کرتے ہیں، ہمیں انکی حسن نیت پر یقین ہے، اور ہم مشرق وسطیٰ سے جنوبی ایشیا تک امن و استحکام کے قیام میں مدد کے لیے تہران کے تمام اقدامات کی حمایت کرتے ہیں۔

پاکستان اور ہندوستان کے درمیان کشیدگی کا ذکر کرتے ہوئے، سردار فتح اللہ خان نے کہا کہ ہمارے حکام نے بھارت میں حالیہ دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کی اور ساتھ ہی انکو شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کبھی بھی جنگ یا کشیدگی میں اضافہ نہیں چاہتا، لیکن ہمارے عوام اور مسلح افواج کسی بھی غیر ملکی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔

پاکستان کی قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے چیئرمین نے اسلامی دنیا میں ایران اور پاکستان کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے مستقبل میں درپیش چیلنجوں پر قابو پانے اور خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے اتحاد کو مضبوط بنانے اور مشترکہ حل تلاش کرنے پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے حکام کو اقتصاد اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے، سرحدی سلامتی اور ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے کو آگے بڑھانے کے لیے بات چیت کرنی چاہیے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی کل (پیر) پاکستان کا دورہ کریں گے۔

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .