ایرانی وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان، تہران - اسلام آباد تعاون کا روڈ میپ تیار کرنے میں اہم قدم ہے

اسلام آباد - ارنا - پاکستان میں ایران کے سفیر نے دونوں ممالک کے اعلی عہدیداروں کے درمیان بات چیت اور علاقائی و بین الاقوامی صورتحال کے بارے میں تبادلہ خیال کی اہمیت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ سید عباس عراقچی کا مشرقی پڑوسی کا دورہ، تہران - اسلام آباد تعاون کا روڈ میپ تیار کرنے میں اہم قدم ہے۔

رضا امیری مقدم نے آج (اتوار) IRNA کو انٹرویو دیتے ہوئے ایران کے وزیر خارجہ کے دورہ اسلام آباد کی اہمیت کے حوالے سے کہا کہ ایران اور پاکستان دو اہم پڑوسی اور خطے کے بااثر ممالک ہیں، جو ہمیشہ علاقائی اور عالمی منظر نامے میں تبدیلیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے بات چیت اور دو طرفہ مشاورت کو اپنے ایجنڈے میں شامل رکھتے ہیں۔

انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے مختلف شعبوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اقتصاد، سرحدی دہشت گردی کا چیلنج، علاقائی مسائل سے نمٹنے اور بین الاقوامی حالات و واقعات کا تقاضا ہے کہ ایران اور پاکستان ایک دوسرے کے ساتھ زیادہ سے زیادہ مشاورت کرنے کے لیے اعلی سطحی دورے کرتے رہیں۔

امیری مقدم نے کہا کہ مغرب اور امریکہ کی ملی بھگت سے صیہونی حکومت کے جرائم میں اضافے کے نتیجے میں مغربی ایشیا میں جاری بحران، غزہ کے مظلوم عوام کے مصائب، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سمیت بین الاقوامی اداروں کا غیر موثر اور بے سود ردعمل اور برصغیر میں کشیدگی کے پیش نظر، ایرانی وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان کی اہمیت دوچند ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران کے ہندوستان اور پاکستان کے ساتھ قریبی اور اچھے تعلقات کو دیکھتے ہوئے، پاکستانی حکام کے ساتھ ایرانی وزیر خارجہ کی ملاقات میں برصغیر میں کشیدگی کو کم کرنے کے حوالے سے بھی بات کی جائے گی۔

پاکستان میں ایران کے سفیر نے زور دے کر کہا کہ مجموعی طور پر، وزیر خارجہ کا ایک روزہ دورہ دوستانہ تعلقات کا جائزہ اور دو طرفہ تعاون کے لیے ایک روڈ میپ ہے تاکہ مختلف سطحوں پر باہمی تعاون کے لیے کیے جانے والے دوروں میں تیزی لائی جا سکے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ کل (پیر) پاکستان روانہ ہوں گے۔

اسماعیل بقائی نے کہا کہ عراقچی پیر 5 مئی کو پاکستان کا دورہ کریں گے۔ اس دورے میں وہ پاکستان کے اعلیٰ حکام سے ملاقات کریں گے اور علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر حالیہ حالات پر تبادلہ خیال کریں گے، انہوں نے بتایا کہ ایرانی وزیر خارجہ اس ہفتے ہندوستان کا سرکاری دورہ بھی کریں گے۔

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .