پیرس اولمپک کے حوالے سے تہران پر لگائے جانے والے اسرائیلی الزامات غزہ میں جاری نسل کشی سے توجہ ہٹانے کی ناکام کوشش ہے، ناصر کنعانی

تہران (ارنا) ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے پیرس اولمپک کے حوالے سے تہران پر لگائے جانے والے اسرائیلی الزامات کو غزہ میں جاری نسل کشی سے توجہ ہٹانے کی ناکام کوشش قرار دیا ہے۔

اپنے سوشل میڈیا پیغام میں وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے کہا کہ طفل کش صیہونی حکومت کے وزیر اعظم کی جانب سے پیرس اولمپک کے حوالے سے  ایران پر لگائے جانے والے نفرت انگیز الزامات دراصل غزہ میں جاری نسل کشی سے عالمی رائے کی توجہ ہٹانے اور فلسطین کے مظلوم عوام کے خلاف اس جنگی جرائم پر اٹھنے والی عالمی نفرت اور غم و غصے سے بچنے کی گھناونی کوشش ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے الزامات امن اور دوستی پر مبنی اولمپک چارٹر کے خلاف ہیں اور صیہونی حکومت کی جانب سے عالمی اور بین الاقوامی اصولوں اور اقدار کی کھلم کھلا پامالی کی مثال ہیں۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے واضح کیا کہ پچھلے 10ماہ میں دسیوں ہزار بے گناہ فلسطینیوں، مرد و خواتین اور بچوں کا بہیمانہ طریقے سے قتل عام کرنے والی صیہونی حکومت کی جانب سے ایران پر لگائے جانے والے الزامات انتہائی مضحکہ خیز ہیں۔ 

ناصر کنعانی نے بتایا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے کھلاڑیوں کا دستہ پیرس اولمپکس میں شرکت کرے گا جس میں درجنوں کھلاڑی اور قومی سطح کے چیمپیئن شامل ہوں گے۔

اس پیغام کے آخر میں وزارت خارجہ کے ترجمان نے لکھا ہے کہ ہم فرانس کی حکومت اور قوم کے لیے دنیا کے سب سے بڑے کھیلوں کے ایونٹ کی میزبانی اور مکمل سلامتی کے ساتھ اس کے انعقاد کی امید کرتے ہیں۔   

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .