ایران کے نگراں صدر نے اتوار کے روز پاکستان کے وزیر اعظم کے فون کا جواب دیتے ہوئے انہیں عید الاضحی کی مبارک باد پیش کی اور امید ظاہر کی ہے کہ ان مبارک ایام میں عالم اسلام کے ذمہ داروں اور دانشوروں کی محنت و کاوش سے علاقے میں امن و امان قائم ہوگا اور غزہ کے مظلوم عوام کو صیہونی حکومت کے وحشیانہ جرائم سے نجات ملے گی۔
انہوں نے پاکستان کے جوش و جذبے سے بھرے عوام کی جانب سے غزہ کے مظلوم عوام کی حمایت اور فلسطینیوں کے خلاف جرائم پر پاکستانی حکومت کے ٹھوس موقف کی تعریف کرتے ہوئے، غزہ میں صیہونی جرائم کے سد باب کے لئے اسلامی ملکوں کی درمیان اتحاد کو بنیادی ضرورت قرار دیا۔
ایران کے نگران صدر محمد مخبر نے اس ٹیلی فونی گفتگو میں کہا: اسلامی جمہوریہ ایران اور پاکستان عالم اسلام کے بہت سے مسائل خاص طور پر فلسطین و غزہ کے معاملے میں مشترکہ نظریات کے حامل ہيں جو تمام شعبوں میں دونوں ملکوں میں تعاون میں فروع کا باعث بن سکتا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے نگراں صدر نے ایران و پاکستان کے درمیان آنجہانی صدر شہید ابراہیم رئيسی کے اسلام آباد دورے میں ہونے والے معاہدوں پر عمل در آمد میں تیزی کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔
اس ٹیلی فونی گفتگو میں پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی عید الاضحی کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے شہید ابراہيم رئیسی کو یاد کیا اور رہبر انقلاب اور شہید ابراہیم رئیسی کی جانب سے فلسطین و غزہ کے مظلوم عوام کی حمایت کی قدر دانی کی اور اسلامی جمہوریہ ایران و پاکستان کے تعلقات کو تاریخی اور گہرے ثقافتی و دینی اشتراکات پر مبنی قرار دیا ۔
انہوں نے ایران کے ساتھ تمام شعبوں خاص طور پر معاشی شعبے میں تعلقات میں توسیع میں اپنے ملک کی گہری دلچسپی ظاہر کی۔
شہباز شریف نے شہید سید ابراہیم رئیسی کے تاریخی دورہ پاکستان کو دونوں ملکوں کے تعلقات میں نئے باب کا آغاز قرار دیا اور ایران و پاکستان کے درمیان تجارتی تعلقات کو 10 ارب ڈالر تک پہنچانے اور گیس پائپ لائن پروجیکٹ کو مکمل کرنے پر زور دیا۔
آپ کا تبصرہ