فلسطینی قوم کے حقوق کی بازیابی کے لئے دوسرے ملکوں کے ساتھ تعاون پر تیار ہيں، صدر مملکت

تہران-ارنا- اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح کو ان کے نئے عہدے کی مبارکباد دی اور کویت کی نئی حکومت کی کامیابی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی پالیسی ، پڑوسی ملکوں کے ساتھ تعلقات میں فروغ پر استوار ہے اور امید ہے کہ کویت کی نئی حکومت کے دور ميں ایران اور کویت کے تعلقات پہلے سے زیادہ اچھے ہوں گے۔

صدر مملکت سید ابراہیم رئيسی نے بدھ کی رات امیر کویت شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح سے ٹیلی فونی گفتگو میں، کویت کے آنجہانی امیر کی موت پر دوبارہ تعزيت پیش کی اور انہیں ان کے نئے عہدے کی مبارکباد دی۔

صدر نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ پڑوسی ملکوں کے درمیان تعاون و اتحاد، علاقائی مسائل کے حل اور اجتماعی مفادات کے تحفظ کی واحد راہ ہے کہا کہ اغیار کی علاقے میں مداخلت بحران کی وجہ ہے۔

انہوں نے فلسطینی مسئلہ کو علاقے اور دنیا کا سب سے بنیادی مسئلہ قرار دیا اور فلسطینی کی حمایت  اور صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کی مخالفت کے لئے کویت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا: اسلامی جمہوریہ ایران، فلسطینی قوم کے حقوق کی بازیابی کے لئے دوسرے تمام ملکوں کے ساتھ تعاون پر تیار ہے۔

اس ٹیلی فونی گفتگو میں امیر کویت شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح نے صدر مملکت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسلامی جمہوریہ ایران کو کویت کا قابل اعتماد دوست اور اپنے ملک کی ترقی میں موثر ملک قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کے حقوق کی بازیابی کے سلسلے میں کویت کی حکومت اور قوم کا موقف نا قابل تبدیل ہے اور امید ہے کہ علاقائي اقوام کے تعاون سے مسائل جلد از جلد حل ہوں گے اور پورے علاقے میں امن و امان قائم ہوگا۔

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .