ارنا کے مطابق انڈونیشیا کے ایوان نمائندگان کی اسپیکر پون مہارانی نے جمعرات 15 مئی کو اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر ڈاکٹر محمد باقر قالیباف سے ملاقات کی ۔
یاد رہے کہ ایرانی پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر ڈاکٹر قالیباف ایک پارلیمانی وفد لے کر، اسلامی تعاون کی تنظیم او آئی سی کے رکن ملکوں کی پارلیمانی یونین کے اجلاس میں شرکت کے لئے جکارتا گئے ہوئے ہیں۔
انھوں نے انڈونیشیا کے ایوان نمائندگا ن کی اسپیکر سے ملاقات میں کہا کہ ایران اور انڈونیشیا اپنی اسٹریٹیجک پوزیشن کے سبب، امن وسلامتی کے قیام میں بنیادی کردار رکھتے ہیں اور یہ بات اسلامی ملکوں کے ساتھ ہی دیگر اقوام کے حق میں بھی ہے۔
ایران کے اسپیکر ڈاکٹر محمد باقر قالیباف نے اسلامی ملکوں کے اتحاد ویک جہتی میں انڈونیشیا کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو مل کر ملکوں کو درپیش مسائل کو دور کرنے کی کوشش کرنی چاہئے۔
انھوں نے کہا کہ آج غزہ کے حالات بہت دشوار ہیں اور فلسطینی عوام مظلوم ہیں۔
ایران کے اسپیکر نے کہا کہ آپ اس وقت اسلامی ملکوں کی پارلیمانی یونین کی سربراہ ہیں، بنابریں اب فلسطین اور غزہ کے حوالے سے آپ کے اقدامات کو اس زمانے کے اقدامات سے مختلف ہونا چاہئے جب آپ کا ملک اس یونین کا صرف ایک رکن تھا۔
انڈونیشیا کی پارلیمنٹ کی اسپیکر نے بھی ایران اور انڈونیشیا، دونوں ملکوں کے حکام کی آمد ورفت کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ میرے لئے ایران کا سفر باعث فخرہوگا ۔
انھوں نے کہا کہ ہمارے لئے او آئی سی کی پارلیمانی یونین کی صدارت کے فرائض کی اچھی طرح انجام دہی میں آپ کی حمایت بہت زیادہ اہمیت رکھتی ہے۔
آپ کا تبصرہ