اسلامی ممالک اسرائیل کو توانائی اور دیگر اشیاء کی برآمدات بند کردیں، رہبر انقلاب اسلامی

تہران( ارنا) رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ ہمیں کامیابی کی موجودہ سطح سے مطمئن نہیں ہونا چاہیے کیونکہ دنیا مختلف فوجی اور سویلین شعبے مسلسل آگے بڑھ ر ہی ہے لہذا ہمیں بھی اس میدان میں پیچھے نہیں رہنا چاہیے۔

آیت اللہ خامنہ ای نے آج (اتوار) صبح ڈیڑھ گھنٹے کے لیے عاشورہ یونیورسٹی آف ایئرو اسپیس سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی کا دورہ کیا اور اس شعبے میں ہونے والی تازہ ترین پیشرفت کا قریب سے مشاہدہ کیا۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے کہا کہ غزہ کے واقعات نے دنیا کے لوگوں کے سامنے بہت سے پوشیدہ حقائق آشکار کیے اور ان حقائق میں سے ایک حقیقت یہ ہے کہ مغربی ممالک کے سربراہان نسل پرستی کی حمایت کر رہے ہیں۔

رہبر انقلاب اسلامی نے غاصب صیہونی حکومت کو نسل پرستی کا مظہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ صیہونی خود کو اعلی نسل سمجھتے ہیں اور باقی انسانی نسلوں کو پست شمار کرتے ہیں یہی وجہ ہے کہ وہ کسی بھی طرح کی پریشانی اور احساس کے بغیر ہزاروں بچوں کو قتل کر رہے ہیں۔

آیت اللہ خامنہ ای نے یہ بات زور دے کر کہی کہ جب امریکہ کے صدر، جرمنی کے چانسلر، فرانس کے صدر اور برطانیہ کے وزیر اعظم (نسل پرستی کے خلاف ) اپنے تمامتر دعووں کے باوجود ایسی نسل پرست(صیہونی) حکومت کی حمایت اور مدد کرتے ہیں تو اس کا مطلب یہ ہے کہ یہ حضرات دنیا میں نسلی امتیاز کے سب سے بڑے حامی ہیں۔

رہبر انقلاب اسلامی نے کہا کہ یورپ اور امریکہ کے عوام کو اس صورت حال پر اپنے موقف کو واضح کرنا چاہئے اور یہ ظاہر کرنا چاہئے کہ وہ نسلی امتیاز کے حق میں نہیں ہیں۔

آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے صیہونی حکومت کی فوجی اور آپریشنل ناکامی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ حقیقت واضح ہے کہ غزہ میں صیہونی حکومت کو شکست کا سامنا ہے، اسپتالوں یا لوگوں کے گھروں میں داخل ہونا کوئی فتح نہیں ہے کیونکہ فتح کا مطلب فریق مقابل کو شکست دینا ہوتا ہے اور غاصب صیہونی حکومت غزہ میں اپنا یہ مقصد حاصل نہیں کرسکی ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی یہ بات زور دے کر کہی کہ غزہ میں ناکامی صرف صیہونی حکومت کی ناکامی نہیں بلکہ یہ امریکہ اور مغربی ممالک کی بھی ناکامی ہے اور آج ساری دنیا اس بات کا مشاہدہ کررہی ہے کہ ہر قسم کے جدید ترین ہتھیاروں سے لیس حکومت اس گروپ کے مقابلے میں کچھ نہیں کرپارہی جس کے پاس کوئی سہولت نہیں ہے۔

آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے مسلم حکومت کے فرائض اور ذمہ داریوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ بعض اسلامی حکومتوں اور عالم اداروں نے صیہونی حکومت کے جرائم کی بظاہر مذمت کی اور بعض نے ابھی تک نہیں کی لیکن یہ قابل قبول نہیں ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ صیہونی حیاتی شریانوں کو کاٹ دیا جائے اور اسلامی ممالک اس حکومت (اسرائیل) کو توانائی اور سامان رسد کی سپلائی بند کردیں۔

آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے مزید کہا کہ اقوام عالم کو چاہیے کہ وہ اپنے اجتماعات اور مظاہروں کو جاری رکھتے ہوئے فلسطین کے مظلوم عوام اور ان کے خلاف ہونے والے ظلم کو فراموش نہ ہونے دیں۔

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .