پاکستان اور ایران کے درمیان کثیر جہتی اور مضبوط تعلقات قائم ہیں

پاکستان کے دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ ہماری دوستی تاریخی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کی بے پناہ گنجائش موجود ہے۔

اسلام آباد- ارنا- پاکستان کے دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ  نے اسلام آباد میں ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں تہران اور اسلام آباد  کے درمیان وفود کے تبادلوں کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ایران پاکستان کا بہت قریبی ہمسایہ اور دوست ہے اور اس کے ساتھ ہمارے وسیع تاریخی تعلقات ہیں۔

انہوں نے تہران اور اسلام آباد کے درمیان کثیر جہتی تعلقات کی اہمیت پر  زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک اقتصادی اور سفارتی شعبوں کے علاوہ  نقل و حمل، سائنس و ٹیکنالوجی، تعلیم و ثقافت اور دفاع و سلامتی کے میدان میں ایک دوسرے سے تعاون کر رہے ہیں اور پاکستان و ایران  کے متعلقہ اداروں کے درمیان مضبوط تعلقات قائم ہیں۔

پاکستان کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے جنرل عاصم منیر کے حالیہ دورہ ایران کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی فوج کے کمانڈر نے ایران کے فوجی عہدیداروں اور دفاعی حکام کے ساتھ تفصیلی ملاقاتیں کیں اور سیکورٹی اور دفاعی شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے پر تعمیری بات چیت کی۔

انہوں نے گزشتہ ماہ پاکستان کے خارجہ سیکریٹری کے دورہ ایران کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اسد مجید خان نے تہران میں ایرانی وزیر خارجہ کے ساتھ اہم ملاقاتیں کیں۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان کی فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے اپنے ایرانی ہم مصب میجر جنرل محمد باقری کی دعوت پر گزشتہ ہفتے اسلامی جمہوریہ ایران کا دورہ کیا تھا۔ انہوں نے تہران میں اپنے قیام کے دوران چیف آف جنرل اسٹاف میجر جنرل محمد باقری کے علاوہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر میجر جنرل حسین سلامی ، صدر مملکت سید ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان سے الگ الگ ملاقاتیں کی تھیں۔

  ہمیں اس ٹوئٹر لنک پر فالو کیجئے @IRNA_Urdu   

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .