ایرانی پولیس کی کارکردگی قابل تعریف ہے، تہران میں پاکستانی سفیر

اسلام آباد- ارنا - تہران میں پاکستانی سفیر نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث گروہوں کے ایرانی پولیس کے تعاون اور کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس مذموم رجحان کو روکنے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔

ارنا کے نامہ نگار کے مطابق، محمد مدثر ٹیپو نے پیر کے روز ایک پیغام میں کہا کہ ہم انسانی اسمگلروں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کے لیے ایرانی حکومت اور پولیس کے تہہ دل سے مشکور ہیں جس کے نتیجے میں 10 پاکستانی شہریوں کو رہائی ملی۔

انہوں نے کہا کہ یہ تمام لوگ (رہائی پانے والے پاکستانی شہری) محفوظ ہیں اور سفارت خانے کی حفاظت میں ہیں اور ہم ان کی پاکستان واپسی کے لیے ضروری انتظامات کر رہے ہیں۔

تہران میں پاکستانی سفیر نے اپنے ملک کے شہریوں سے مطالبہ کیا کہ وہ انسانی اسمگلروں اور ان کے گھناؤنے اقدامات کی مذمت کریں اور ان کے جھوٹے وعدوں کے جال میں نہ آئیں۔

انہوں نے انسانی اسمگلنگ کے مذموم رجحان کو روکنے کے لیے پاک ایران مشترکہ تعاون پر زور دیتے ہوئے ایرانی حکام کی تعریف کی اور کہا کہ ایرانی پولیس نے اس گھناؤنے فعل میں ملوث مجرم گروہوں کو گرفتار کیا اور انکا یہ اقدام قابل تعریف ہے۔

حالیہ برسوں میں، ایرانی سرحدی فورسز نے ہزاروں پاکستانی شہریوں کو غیر قانونی تارکین وطن کے طور پر گرفتار کر کے میرجاوہ بارڈر پر ملک کے سرحدی حکام کے حوالے کیا ہے۔

پاکستانی شہری کام کی تلاش میں یورپی اور خلیجی ممالک کا سفر کرنے کے لیے غیر قانونی طور پر ایران میں داخل ہو کر دوسرے ممالک کے بارڈر تک پہنچنے کی کوشش کرتے ہیں۔

گزشتہ سال مارچ کے اوائل میں تہران میں پاکستانی سفارت خانے نے ایک بیان جاری کیا تھا جس میں ایران کی حکومت اور پولیس کے تعاون سے 4 پاکستانیوں کو انسانی اسمگلروں سے بازیاب کرانے کا اعلان کیا گیا تھا۔

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .