27 مئی، 2025، 9:21 PM
Journalist ID: 5632
News ID: 85845695
T T
0 Persons

لیبلز

صدرپزشکیان نے امریکا کے ساتھ بالواسطہ مذاکرات میں عمان کے تعمیری کردار کی قدردانی کی  ہے

 تہران – ارنا – صدر ایران نے امریکا کے ساتھ بالواسطہ مذاکرات میں عمان کے فعال اور تعمیری کردار کی قدردانی کرتے ہوئے کہا  ہے کہ امید ہے کہ یہ پراسیس اچھے نتائج پر منتج ہوگا

ارنا کے مطابق صدر ایران ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے منگل 27 مئی کی شام مسقط میں سلطان عمان ہیثم بن طارق آل سعید سے ملاقات اور گفتگو۔

  انھوں نے اس ملاقات میں عمان کے ساتھ ہمہ گیر تعاون میں توسیع کے لئے ایران کی آمادگی پر زور دیا اور کہا کہ ہم مسلمانوں کی عزت و عظمت کے لئے جو کام بھی ہماری توانائی میں ہو، اس کے لئے تیار ہیں۔

صدر ایران نے کہا کہ ہمارے اندر ایسی توانائیاں اور صلاحیتیں پائی جاتی ہیں جن سے ہم ایک دوسرے  نیزعلاقے  کی دیگر اقوام کی رفاہ و پیشرفت کے لئے کام لے سکتے ہیں اور اس صورت میں کوئی بھی بیرونی طاقت، مسلم اقوام پر اپنا تسلط قائم نہیں کرسکے گی۔  

 صدر ایران نے فلسطینی عوام کی حمایت میں سلطنت عمان کے واضح موقف کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ ہم غزہ  کے مسئلے اور مظلومین کی حمایت میں آپ کے اچھے موقف کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے عمان کے ساتھ مالیاتی، علمی، تعلیمی  اور سائنس و ٹکنالوجی بالخصوص میڈیکل کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے لئے ایران کی آمادگی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم میڈیکل کے شعبے میں عمان کے ساتھ تعمیری روابط قائم کرسکتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ تیل اور گیس خدا وند عالم کی عطا کردہ نعمتیں ہیں لیکن لامحدود نہیں ہیں، بنابریں ایران اور عمان دونوں ملکوں کی تاجر برادری اور صنعتکاروں کو مستقبل کو مد نظررکھتے ہوئے، آئندہ نسلوں کے لئے، طویل المیعاد منصوبہ بندی اور اقتصادی بنیادوں کی تقویت کرنی چاہئے۔

 ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے ایران اور عمان کے درمیان  اقتصادی روابط کے فروغ اور تجارت میں سہولتیں بڑھانے کے ساتھ ہی دفاعی اور سیکورٹی تعاون میں توسیع کی ضرورت پر بھی زور دیا۔   

انھوں نے ایران کی خارجہ پالیسی میں عمان کی خاص ہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایران عمان پر مکمل اعتماد کرتا ہے اور یہ اعتماد روابط کی تقویت کے حوالے سے ہماری ذمہ داریاں بڑھا دیتا ہے۔

 اس ملاقات میں  سلطان عمان ہیثم بن طارق نے  صدر ایران اور ان کے ہمراہ عمان کے دورے پر جانے والے اعلی سطحی وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کی اچھی باتوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

 انھوں نے کہا کہ خدا کے کرم سے آج عمان تیل اور گیس پر انحصار کے بغیر، تجارتی روابط کے فروغ کے حوالے سے مناسب پوزیشن میں ہے۔

سلطان عمان نے کہا کہ ہم آپ کی اس بات سے اتفاق کرتے ہیں کہ  باہمی تجارت میں فروغ سے ہمارے روابط زیادہ با مقصد ہوں گے۔

 انھوں نے کہا کہ ایران اور عمان کی بندرگاہوں کے درمیان روابط میں توسیع آنی چاہئے اور تجارت کے حوالے سے ایران کا،  شمال جنوب ریلوے لائن پروجکٹ بھی ہماری نگاہ میں بہت اہم ہے۔

 سلطان عمان نے تہران اور مسقط  کے فوجی اور سیکورٹی روابط کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات کے  سلسلے میں مسقط  سنجیدگی سے اپنا کردار ادا کررہا ہے اور اسلامی جمہوریہ ایران کی کامیابی کو علاقے کو کامیابی سجمھتا ہے۔

سلطان عمان نے ثالثی کے کردار کے لئے عمان پر رہبر انقلاب اسلامی کے حسن اعتماد  کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس پراسیس میں کسی ذاتی مصلحت اور منفعت کی فکر میں نہیں ہیں بلکہ  صرف خیر خواہانہ نیت کے ساتھ  یہ کام کررہے ہیں۔ آپ مطمئن رہیں کہ  آپ کی جانب سے ان کے موقف جو ہم تک پہنچتے ہیں ، ہم پورے احترام اور دقت کے ساتھ ان پر توجہ دیتے ہیں۔

   سلطان عمان نے فلسطینی عوام کے دفاع میں اسلامی جمہوریہ ایران کے اصولی موقف کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ ملت فلسطین کے حقوق کی حمایت اور مظلوم شہریوں کے دفاع میں استقامت اور پائیداری ہمارے لئے بہت اہم اور قابل تعریف ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .