ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ یمنی عوام کے خلاف امریکہ کی جانب سے بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے مقابلے میں اپنی بے حسی اور خاموشی کو ختم کریں۔
اسماعیل بقائی نے یمن کی راس عیسیٰ بندرگاہ پر امریکہ کے وحشیانہ فضائی حملے کی بھی شدید مذمت کی جس کے نتیجے میں درجنوں بے گناہ یمنی شہری شہید اور زخمی ہوگئے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے یمن کے خلاف امریکی فضائی حملوں کو جارحیت کی واضح مثال، اقوام متحدہ کے چارٹر کے منافی اور بین الاقوامی قوانین اور ضابطوں کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔
انہوں نے یہ بات زور دے کر کہ فلسطین پر صیہونی حکومت کے غاصبانہ قبضے اور نسل کشی کی حمایت کی امریکی پالیسی کے تحت یمن کے خلاف انجام پانے والی اس جارحیت نے امریکہ کو فلسطین اور خطے کے دیگر علاقوں میں جاری اسرائیلی جرائم میں حصہ دار بنا دیا ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے متنبہ کیا کہ یمن کے خلاف امریکی فوجی جارحیت، اس ملک کے بنیادی ڈھانچے کی تباہی اور یمن کے مسلمان عوام کے قتل عام سے، نہ صرف صیہونی حکومت کو غزہ اور مغربی کنارے میں اپنے جرائم کو جاری رکھنے کی ترغیب مل رہی بلکہ خطے میں عدم استحکام کو بڑھانے اور بین الاقوامی امن و سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کابھی باعث ہے۔
انہوں نے یمنی شہریوں کی شہادت پر یمنی قوم اور حکومت کو تعزیت پیش کی اور یمنی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
آپ کا تبصرہ