ارنا کے مطابق صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے آج جمعرات کو ملیشیا کے وزير اعظم انور ابراہیم کے ساتھ ٹیلیفون پر گفتگو میں، ملیشیا کی حکومت، لیڈران اور عوام کو عیدالاضحی کی مبارکباد پیش کی۔
انھوں نے ملیشیا کے وزیر اعظم کے ساتھ اس ٹیلیفونی گفتگو میں امید ظاہر کی کہ حج کے عظیم اجتماع اور عیدالاضحی کی برکتوں سے مسلم اقوام کے درمیان امن وآشتی، برادری اور وحدت میں فروغ نیز مسلم ملکوں کی ترقی و پیشرفت کے اسباب پہلے سے زیادہ فراہم ہوں گے اور ان کے باہمی برادرانہ روابط بڑھیں گے اور وہ اپنے تجربات ایک دوسرے کے ساتھ شیئر کریں گے۔
صدر ایران نے عالم اسلامی کے ستم رسیدہ اور مظلوم لوگوں کے حوالے سے مسلمانوں کی اجتماعی ذمہ داری پر زور دیا اور کہا کہ اس بڑی عید کے موقع پر مسلم اقوام اور اسلامی حکومتوں کو بین الاقوامی اداروں میں غزہ کے مظلوم عوام کی صدائے مظلومیت کو اٹھانا ، صیہونیوں کے جرائم کی مذمت اور انسانی حقوق نیز امن وآشتی کا جھوٹا دم بھرنے والوں کی حقیقت بے نقاب کرنا چاہئے۔
اس ٹیلیفونی گفتگو میں ملیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم نے مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت میں اسلامی جمہوریہ ایران کے موقف کی قدردانی اور حمایت کی ۔
انھو ں نے اسی کے ساتھ ایران کی حکومت، عوام، اور رہبر انقلاب اسلامی کی خدمت میں عیدالاضحی کی مبارکباد پیش کی ۔
آپ کا تبصرہ