ارنا کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے اپنے سماجی رابطے کے پیج پر برطانوی سامراج کے خلاف مجاہدت میں شہید ہونے والے ایران کے مشہورمجاہد آزادی شہید رئیس علی دلواری کی برسی کی مناسبت سے اپنی پوسٹ میں سامراجی طاقتوں کے خلاف ملت ایران کی مجاہدت کو پر افتخار قرار دیا ہے۔
ترجمان وزارت خارجہ ناصر کنعانی نے اپنی اس پوسٹ میں لکھا ہے کہ برطانوی سامراج سمیت دنیا کے سبھی سامراجی تسلط پسندوں کے خلاف جدوجہد میں ایرانی قوم کی تاریخ افتخارات سے مملو ہے۔
انھوں نے لکھا ہے کہ تاریخی تسلط پسندی، اس کو جاری رکھنے کی کوشش، تفرقہ انگیزی،مشکلات و مسائل کھڑے کرنا، مسئلہ فلسطین سمیت اس خطے کے سبھی علاقائی معاملات میں بحران پیدا کرنا مغرب کے برطانوی سامراج کی نمایاں خصوصیات ہیں۔
ترجمان وزارت خارجہ ناصر کنعانی نے لکھا ہے کہ اس علاقے اور دنیا کی اقوام اس بات کو ہرگز فراموش نہیں کرسکتیں کہ برطانوی حکام نے قلب عالم اسلام میں کس طرح اپار تھائیڈ صیہونی حکومت قائم کی اور آج بھی غزہ اور غرب اردن میں مظلوم فلسطینی عوام کی نسل کشی،ان کے اجتماعی قتل عام اور انہیں بے گھر نیز دربدر کرنے میں نسل پرست صیہونی حکومت کے وحشیانہ جرائم میں شریک ہیں۔
آپ کا تبصرہ