شام کے وزیر خارجہ فیصل مقداد نے سید عباس عراقچی کے ساتھ ٹیلیفونی گفتگو میں اسلامی جمہوریہ ایران کے نئے وزیر خارجہ منتخب ہونے پر انہيں مبارکباد پیش کی اور ان کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
فیصل مقداد نے اسی طرح شام کے صدر کی جانب سے رہبر انقلاب اسلامی اور صدر ایران ڈاکٹر پزشکیان کو سلام پہنچایا اور ایران کے ساتھ اسٹریٹیجک تعلقات کو جاری رکھنے اور مضبوط کرنے کے لیے اپنے ملک کی خصوصی کوششوں پر زور دیا۔
وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بھی اپنے شامی ہم منصب کی طرف سے فون اور مبارکباد پیش کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور شام اور صیہونی حکومت کے خلاف مزاحمت کی حمایت کرنے والے تمام ملکوں کی حمایت جاری رکھنے پر زور دیا۔
اسلامی جمہوریہ ایران اور شام کے وزرائے خارجہ نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے فریقین کے درمیان مشاورت اور ہم آہنگی جاری رہنے اور غاصب صیہونی حکومت کی جارحیت اور جرائم کے مقابلے میں کھڑے ہونے اور فلسطین کی حمایت کرنے والے ملکوں کے ساتھ تعاون جاری رکھنے پر زور دیا۔
فریقین نے ایک دوسرے کو تہران اور دمشق کے سفر کی دعوت بھی دی۔
آپ کا تبصرہ