محمد باقر قالیباف نے حزب اللہ لبنان کے سکریٹری جنرل سید حسن نصر اللہ کے نام ایک پیغام میں جنرل "فواد شکر" کی شہادت پر تعزیت پیش کرتے ہوئے لکھا ہے: " صیہونی حکومت اپنی شکست کی تلافی اور غزہ میں اپنے جرائم پر پردہ ڈالنے کے لئے، اس طرح سے مزاحمت کے کمانڈروں کے قتل کے در پے ہے تاکہ انہيں فلسطینی عوام کی حمایت سے روکا جا سکے۔
ان کے پیغام کا متن کچھ یوں ہے:
حجت الاسلام و المسلمین جناب سید حسن نصر اللہ
لبنان کی حزب اللہ کے محترم سیکرٹری جنرل
السلام علیکم و رحمت اللہ و برکاتہ
میں اپنی اور پارلیمنٹ کے اراکین کی طرف سے، بیروت کے ضاحیہ جنوب میں جرائم پیشہ صیہونی حکومت کے توسط سے مجاہد فی سبیل اللہ اور اسلام کے عظیم مجاہد ابو محسن فواد شکر کی شہادت پر تعزیت پیش کرتا ہوں۔
اس عظیم شہید نے فلسطین اور لبنان میں صیہونی مجرم ٹولے کے جرائم اورغاصبانہ قبضے کے خلاف مزاحمت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا اور ان کی برسوں کی جدوجہد کے اثرات حریت پسندوں اور حق و انصاف کی راہ میں جہاد کرنے والوں کے ذہنوں میں ثبت رہيں گے۔
غاصب صیہونی حکومت نے غزہ میں شکست کی تلافی اور اپنے جرائم پر پردہ ڈالنے کے لیے مزاحمتی کمانڈروں کو قتل کا راستہ اختیار کیا ہے تاکہ انہیں مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت سے باز رکھا جا سکے۔
خدا کی مدد سے اس شہید اور دیگر شہداء اور مزاحمتی محاذ کے مجاہدین کا خون مقبوضہ علاقوں کی آزادی اور اس مجرمانہ حکومت کی جارحیت کے خاتمے کے لیے زمین فراہم کرے گا۔
گذشتہ دنوں بیروت اور تہران میں صیہونی حکومت کے جرائم اور غزہ میں بچوں کے قتل عام نے ایک بار پھر ان ناجائز بنیاد پر کھڑے دہشت گردوں کی بربریت اور جارحانہ ماہیت کو پوری دنیا کے سامنے واضح کر دیا۔ مزاحمتی محاذ کے شہیدوں کے خون کی برکت سے اسلامی امت پہلے سے کہيں زيادہ مضبوط عزم اور ایک آواز میں صیہونیت کے خلاف جنگ اور شہیدوں کے انتقام کا مطالبہ کر رہی ہے۔
امید ہے کہ رہبر انقلاب اسلامی کی ذہانت آمیز قیادت میں اور حزب اللہ اور دیگر مزاحمتی مجاہدوں کی کوششوں سے ہم بہت جلد اسلامی امت کے بدن سے اس کینسر کے خاتمے کا مشاہدہ کریں گے۔
میں اللہ تعالی سے آپ کی صحت و کامیابی، اس پیارے شہید کے لئے علو درجات اور ان کے لواحقین اور ساتھیوں کے لیے صبر و استقامت کی دعا کرتا ہوں۔
محمد باقر قالیباف
اسپیکر، مجلس شورائے اسلامی
آپ کا تبصرہ