صدر ایران کی جانب سے پاکستان میں دہشت گردانہ حملے کی مذمت، پاکستانی عوام سے اظہار ہمدردی

تہران (ارنا) صدر ایران نے اپنے ایک پیغام میں پاکستان کے علاقے بلوچستان میں دہشت گردی کی بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس گھناؤنے فعل نے ایک بار پھر واضح کر دیا ہے کہ دہشت گرد اپنی جہالت کی وجہ سے اسلام کی رحمانی تعلیمات سے بے بہرہ ہیں اور ان کا مقصد مسلمانوں کے درمیان تفرقہ پھیلانے کے سوا کچھ نہیں۔

 سید ابراہیم رئیسی نے صدر پاکستان عارف علوی کے نام  اپنے پیغام میں مستونگ میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر پاکستان کی حکومت اور عوام کے ساتھ اپنی ہمدردی کا اظہار کیا۔

صدر ایران کے پیغام میں آيا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران دہشت گردی اور انتہا پسندی کی کسی بھی شکل کے خلاف ہے اور اس تدارک کے لیے پاکستان کے ساتھ تعاون کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران چاہتا ہے کہ عالمی برادری بالخصوص اسلامی ممالک اس مجرمانہ فعل پر ٹھوس ردعمل ظاہر کریں اور اس طرح کے تلخ واقعات کے اعادہ کو روکیں۔

صدر کے پیغام کا متن حسب ذیل ہے؛

بسم اللہ الرحمن الرحیم

محترم جناب عارف علوی صاحب

محترم صدر پاکستان

صوبہ  بلوچستان میں جشن ولادت رسول (ص) پر بزدلانہ دہشت گردانہ حملے کی خبر سن کر جس میں بے شمار بے گناہ شہری جاں بحق اور زخمی ہوئے، ہمیں دلی صدمہ پہنچا ہے۔

میں اسلام اور انسانیت کے خلاف انجام پانے والے اس دہشت گردانہ اقدام کی مذمت کرتے ہوئے،  آپ کو اور پاکستانی مسلمان عوام سے اپنی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتا ہوں، اور اس سانحے میں جاں بحق ہونے والوں کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتا ہوں۔

اس گھناونے اقدام نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہےکہ دہشت گردوں کا اپنی جہالت اور دینِ اسلام کی رحمانی تعلیمات سے دوری کی وجہ سے صرف مسلمانوں میں تفرقہ پیدا کرنا چاہتے ہیں جو یقیناً اس بار اپنے ناجائز اور غیر انسانی مقاصد کو حاصل کرنے میں ناکام رہیں گے۔

مجھے امید ہے کہ اس جرم کے مرتکب افراد کو جلد از جلد شناخت کر کے ان کے شرمناک فعل کی سزا دی جائے گی۔ اسلامی جمہوریہ ایران دہشت گردی اور انتہا پسندی کی ہر شکل کے خلاف جدوجہد میں پاکستان کے ساتھ تعاون کے لیے پوری طرح تیار ہے اور عالمی برادری بالخصوص اسلامی ممالک سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ بھی اس مجرمانہ فعل پر ٹھوس ردعمل ظاہر کریں اور آئندہ اس طرح کے المناک واقعات کی روک تھام کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

سید ابراہیم رئیسی،

صدر اسلامی جمہوریہ ایران

ہمیں فالو کیجئے @IRNA_Urdu

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .