ہمارے نمائندے کے مطابق ایران کی سپریم نیشنل سیکورٹی کونسل کے سیکریٹری اور چین کی کمیونسٹ پارٹی کی قانونی اور سیکورٹی کمیٹی کے چیرمین نے ماسکو میں ایک دوسرے سے ملاقات کی جہاں اعلی سیکورٹی عہدیداروں کی بین الاقوامی کانفرنس جاری ہے۔
ایران سپریم نیشنل سیکورٹی کونسل کے سیکریٹری ڈاکٹر علی اکبر احمدیان نے اس ملاقات میں کہا کہ تہران اور بیجنگ کے درمیان تعاون خطے میں سلامتی اور اقتصادی خوشحالی لا سکتا ہے۔انہوں نے علاقائی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے آزاد ممالک کے درمیان مسلسل مشاورت کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
ڈاکٹر علی اکبر احمدیان نے کہا کہ عالمی سیکورٹی نظام منصفانہ بنیادوں پر استوار نہیں اور مغرب اسے اپنے مفادات کے لیے استعمال کر رہا ہے۔
ایران کی سپریم نیشنل سیکورٹی کونسل کے سیکریٹری نے صدر ایران کے مجوزہ دورہ چین کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس دورے کے دوران دو طرفہ معاہدوں کو عملی جامہ پہنانے کے طریقہ کار کا جائزہ لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور چین کو سیاسی تعلقات کی سطح پر تجارتی تبادلوں کی صلاحیت کو بڑھانے کی کوشش کرنی چاہیے۔
چین کی کمیونسٹ پارٹی کی قانونی اور سلامتی کمیٹی کے چیرمین نے اس موقع پر کہا کہ ایران خطے کے بااثر ممالک میں سے ایک ہے اور بیجنگ تہران کے ساتھ اپنے تعلقات کو اہمیت دیتا ہے۔
چن وین کنگ کا کہنا تھا کہ تہران بیجنگ تعلقات ایک نئے مرحلے میں داخل ہو گئے ہیں اور دونوں ممالک کے رہنماؤں کی کوشش ہے باہمی تعاون کو بلند ترین سطح تک پہنچ جائے۔
ماسکو سیکورٹی سمٹ میں شریک چینی وفد کے سربراہ نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے مشترکہ تعاون کو آگے بڑھانے کی منصوبہ بندی بھی کریں گے۔
آپ کا تبصرہ