ارنا نے سپاہ نیوز کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر انچیف جنرل حسین سلامی نے حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصراللہ کے نام ایک پیغام ارسال کرکے پیغمبر اکرم صل اللہ علیہ وآلہ وسلم اور فرند رسول حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کے ایام ولادت باسعادت اور آغاز ہفتہ وحدت کی مبارکباد پیش کی ہے۔
انھوں نے اپنے اس پیغام میں کہا ہے کہ خداوند عالم نے آپ کواور اسی طرح حزب اللہ کے مجاہدین اور لبنان کے عوام کو یہ نعمت خاص عطا فرمائی ہے کہ مظلوم فلسطینی عوام بالخصوص غزہ کے مردان وزنان آہن کے دفاع میں فورا میدان میں آگئے اور آبرو باختہ صیہونیوں کے وحشیانہ اور گھناؤنے جرائم کے میدان کو مردان خدا کی استقامت اور فتح وکامرانی کے گلستان معطر میں تبدیل کردیا۔
جنرل حسین سلامی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ جب آپ نے گزشتہ تقریبا ایک برس کے دوران مظلوم فلسطینی عوام کے دفاع میں اپنے اقدامات بالخصوص آپریشن اربعین میں صیہونی حکومت کی فوجی، سیکورٹی اور انٹیلیجنس کی بنیادوں کو ہلا کے رکھ دیا تودشمن نے جومجاہدین کے مقابلے سے عاجز ہے، وسیع پیمانے پر دہشت گردانہ جرائم کا سہارا لیا تاکہ شاید اپنی حتمی موت کو کچھ دنوں کے لئے ٹال سکے اور اپنی مسلسل شکستوں کی دنیاوالوں سے پردہ پوشی کرسکے۔ یہ خود صیہونی دشمن کی ایک بڑی شکست ہے۔
انھوں نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ میں، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی میں آپ کے سبھی مجاہد برادران اور ایران کے عوام صیہونی دشمن کے مقابلے میں آپ کے بے پناہ مجاہدتوں کی مبارکباد، شہدا کی ارواح طیبہ کو سلام اور ان کے لواحقین کو تعزیت پیش کرتے ہیں اور خدا وند عالم سے زخمیوں کی جلد سے جلد مکمل شفایابی طلب کرتے ہیں۔
جنرل حسین سلامی نے اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ اس میں شک نہیں کہ صیہونی دشمن، مغربی حکومتوں کی بے دریغ جاہلانہ حمایتوں کے باوجود گزشتہ تقریبا ایک برس میں جنگ غزہ کے حوالے سے اپنا کوئی بھی ہدف حاصل نہیں کرسکا ہے۔
انھوں نے اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت نے منگل اور بدھ کو لبنان میں پیجرس اوردیگر مواصلاتی آلات کے ذریعے جو وسیع دہشت گردانہ کارروائیاں انجام دی ہیں،ان سے بھی اس کو کچھ ملنے والا نہیں ہے۔
پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر انچیف نے اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ میں صیہونی حکومت کے ان دہشت گردانہ جرائم کی مذمت کرتا ہوں جن میں بڑی تعداد میں لبنانی عوام اور حزب اللہ کے بعض مجاہدین شہید اور زخمی ہوگئے۔
جنرل حسین سلامی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اس میں شک نہیں کہ یہ دہشت گردانہ اقدامات صیہونی حکومت کی مسلسل شکستوں اور لاچاری کو ظاہر کرتے ہیں اور بہت جلد استقامتی محاذ کے سپاہی سفاک اور جرائم پیشہ صیہونی حکومت کو منھ توڑ جواب دیں گے . وَ اِنَّ جُندَنَا لَهُمُ الغَلِبُونَ
آپ کا تبصرہ