ارنا کے مطابق صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے بدھ کو دو پہر بعد برازیل کے نائب صدرجیرالڈو الک مین سے ملاقات میں،باہمی روابط اور علاقے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
قابل ذکر ہے کہ برازیل کے نائب صدر، صدر ایران کی تقریب حلف برداری میں جو گزشتہ روز منعقد ہوئی شرکت کے لئے تہران آئے تھے۔
صدر ایران ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے بدھ کی شام ان سے ملاقات میں ایران اور برازیل کے روابط کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے باہمی روابط میں ہمہ گیر توسیع اور تقویت کی بنیادیں بہت محکم ہیں۔
صدر ایران نے اپنی گفتگو کے دوسرے حصے میں، فلسطین کی اسلامی استقامتی تحریک حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کو شہید کرنے کے صیہونی حکومت کے دہشت گردانہ اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ غاصب صیہونی حکومت کی اس دہشت گردانہ جارحیت نے ایک بار پھر ثابت کردیا کہ یہ درندہ صفت حکومت کسی بھی بین الاقوامی معاہدے اور قانون کی پابند نہیں ہے۔
انھوں نے کہا کہ غاصب صیہونی حکومت ہرروز بچوں اور عورتوں کو خاک و خون میں غلطاں کرتی ہےاور اسکولوں نیز اسپتالوں پر بمباری کرتی ہے لیکن انسانی حقوق کے دفاع کے دعویدار اس کی حمایت کرتے ہیں جو افسوسناک ہے۔
برازیل کے نائب صدر جیرالڈو الک مین نے اس ملاقات میں صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کو ایرانی عوام کا صدر منتخب ہونے اور عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے باہمی روابط میں زیادہ سے زیادہ فروغ کی خواہش کا اظہار کیا۔
انھوں نے کہا کہ ہم نے اپنے باہمی روابط کے ایک سو بیس سال پورے ہونے کا جشن منایا اور امید ہے کہ آپ کے دور صدارت میں ہمارے روابط میں مزید توسیع اور استحکام آئے گا۔
برازیل کے نائب صدرنےتجارت، زراعت، صحت، دوا سازی،توانائی، پیٹروکیمیکل، اور معدنیات سمیت سبھی میدانوں میں ایران کے ساتھ روابط کے زیادہ سے زیادہ فروغ کے لئے اپنی حکومت کی آمادگی کا اعلان کیا۔
انھوں نے صدرایران کے ساتھ اپنی گفتگو کے دوران، حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کو شہید کرنے پر مبنی صیہونی حکومت کی دہشت گردانہ جارحیت نیز غزہ میں معصوم فلسطینی بچوں اور خواتین کے قتل عام کی اپنی حکومت اور عوام کی طرف سے مذمت کی ۔
آپ کا تبصرہ