ایرانی ٹیکنالوجی سری لنکا منتقل /  20 ممالک میں ہائیڈرو پاور پراجیکٹس کا منصوبہ، صدر ایران

تہران (ارنا) ایران کے صدر نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران اپنی انجینئرنگ اور ٹیکنیکل شعبے کی مہارت دنیا کے 20 سے زائد ممالک میں ہائیڈرو پاور پراجیکٹس کے بڑے منصوبوں میں استعمال کرے گا۔

ارنا کے سرکاری نامہ نگار کے مطابق، صدر ایران سید ابراہیم رئیسی نے سری لنکا کے قلب میں ایرانی انجینئروں کا شاہکار اومااویا ڈیم اور پاور پلانٹ کے کثیر المقاصد منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا اگرچہ اومااویا انجینئرنگ اور تیکنیکی لحاظ سے بہت بڑا پراجیکٹ ہے مگر اس سے زیادہ اہم بات ایشیا کے دو ایسے ممالک اور قوموں کی یکجہتی اور اتحاد ہے جو خوشحال اور بہتر زندگی گزارنا چاہتے ہیں۔

ایرانی صدر نے کہا کہ استکباری نظام قوموں سے کہتا ہے کہ آپ ہماری موجودگی اور علم کے بغیر کچھ  نہیں کر سکتے۔

انہوں نے کہا کہ میں اجلاس میں موجود تمام مذاہب کے لوگوں اور نوجوانوں سے کہتا ہوں کہ آپ خدا پر بھروسہ اور خود اعتمادی کے ساتھ ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکتے ہیں۔

صدررئیسی نے کہا کہ مغرب یہ سمجھتا تھا کہ علم اور ٹیکنالوجی صرف ان کے اختیار میں ہے لیکن آج ایرانی ماہرین اور سائنسدانوں نے نہ صرف ایران میں بلکہ پورے خطے میں عظیم کام انجام دیے ہیں اور انجام دے رہے ہیں۔

انہوں نے سری لنکا کے صدر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ایران سری لنکا کے  ترقیاتی منصوبوں میں حصہ لینے اور اپنے وہ تمام تجربات جو ہماری 45 سالہ جدوجہد کا نتیجہ ہے، آپ کے ساتھ شیئر کرنے کے لیے تیار ہیں اور ایرانی انجینئرنگ سری لنکا کی ترقی میں حصہ لے گی۔

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .