ارنا کے مطابق سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے اپنے بیان میں یوم القدس کے جلوسوں اور دمشق میں ایران کے سفارتخانے پر صیہونی حکومت کے حملے میں شہید ہونے والوں کے جنازے میں ایرانی عوام کی بھرپور شرکت کی قدردانی کی ہے ۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے اپنے بیان میں عوام کو یقین دہانی کرائی ہے کہ غاصب صیہونی حکومت کو ایسی سزا دی جائے گی جو اس کو اس کے کئے پر پشیمان کردے گی۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہم خدا کا شکر ادا کرتے ہیں کہ ایرانی قوم ایک بار پھر ایک بڑے امتحان میں کامیاب و سربلند رہی اور ہمارے عوام نے انقلابی جذبے اور بصیرت کے ساتھ یوم القدس کے جلوسوں میں بھر پورشرکت کی جو غزہ کے محصورو مظلوم اور صابر و پئیدار عوام کے لئے امید افزا اوران کی تقویت قلب کا موجب ہے۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے اپنے بیان میں یوم القدس کی ریلیوں اور اسی طرح شہید جنرل محمدرضا زاہدی اور شہید جنرل محمد ہادی حاج رحیمی اور ان کے رفقائے مجاہدت کے جنازے ميں عوام کی بھر پور شرکت کی قدردانی کرتے ہوئے، کہا ہے کہ یوم القدس کےجلوسوں اور ریلیوں میں دنیا کے دیگر ملکوں کے مسلمان اور غیر مسلم عوام نے بھی ولی امر مسلمین اور رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کی دعوت پر لبیک کہتے ہوئے اپنی بے مثال شرکت سے صیہونی حکومت کے خلاف مجاہدت کی تاریخ میں " طوفان الاحرار" کا مبارک اور پرشکوہ جلوہ پیش کیا جس نے غزہ کے مظلوم عوام اور استقامتی محاذ کی حقانیت کے ساتھ یہ بھی ثابت کردیا کہ مسئلہ فلسطین صرف عالم اسلام کا ہی نہیں بلکہ بیدار ہوجانے والی غیر مسلم دنیا کا بھی اولین مسئلہ ہے۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے اپنے بیان میں کہاہے کہ ہم ایران کے سربلند اور انقلابی عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ سپاہ پاسداران میں فرزندان قوم ، فضل خدا سے غاصب صیہونی حکومت اور اس کے حامیوں کو دمشق میں انجام دیئے گئے، ان کے بزدلانہ دہشت گردانہ حملے کی پشیمان کردینے والی سزا دینے کا ملی مطالبہ پورا کریں گے۔
آپ کا تبصرہ