ارنا کی رپورٹ کے مطابق، مہدی صفری کی سربراہی میں ایران کے اعلی سطحی وفد کے ارکان نے آج اسلام آباد میں پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق سے ملاقات کی۔
اس ملاقات میں ایران کی وزارت خارجہ کے جنوبی ایشیائی امور کے ڈائریکٹر جنرل سید رسول موسوی، پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم اور پاکستان کی وزارت خارجہ کے ریجنل ایڈوائزر رحیم حیات قریشی بھی موجود تھے۔
سردار ایاز صادق نے ایران کے اقتصادی وفد کے دورہ پاکستان پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان کو مختلف شعبوں میں ممکنہ حد تک تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت ہے اور ہمیں اس عمل کو تیز کرنے کے لیے پارلیمنٹ کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانا چاہیے۔
سردار ایاز صادق نے ایران اور پاکستان کے درمیان عوامی سطح پر تعلقات کی بڑھوتری اور مشترکہ مفادات کے حصول میں حکومتوں کی مدد کے لیے پارلیمانی سفارت کاری کو آگے بڑھانے پر زور دیا۔
اس ملاقات میں ایران کے اقتصادی ڈپلومیسی کے نائب وزیر نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اپنے دوست اور پڑوسی ملک پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔
صفری نے ایران اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تعاون کے فروغ خاص طور پر دوطرفہ تجارت کے حجم کو بڑھانے کے لیے مزید موثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے ایران پاکستان کے درمیان پارلیمانی وفود کے تبادلے کا خیر مقدم کیا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی اقتصادی ڈپلومیسی کے نائب وزیر دوطرفہ تعاون کی توسیع کے حوالے سے پاکستانی حکام سے ملاقات کے لیے آج صبح اسلام آباد پہنچے ہیں۔
آپ کا تبصرہ