برازیل کی ورکرز پارٹی کے سربراہ کی اسماعیل ھنیہ سے ملاقات، فلسطینی مزاحمت کی مکمل حمایت کا اعادہ

تہران (ارنا) برازیل کی ورکرز پارٹی کے سربراہ نے تحریک حماس کے اسماعیل ھنیہ سے ملاقات میں غاصب صیہونی حکومت کے خلاف فلسطینیوں کے حق مزاحمت کی حمایت کی۔

المیادین نیٹ ورک کی رپورٹ کے مطابق، برازیل کی ورکرز پارٹی کے سربراہ Roy Costa Pimenta نے اسماعیل ھنیہ سے ملاقات اور غزہ جنگ کی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔

تحریک حماس کے بیان کے مطابق اس ملاقات میں صیہونی حملے روکنے، انسانی امداد کی ترسیل میں تیزی لانے، غزہ کی پٹی میں مقیم فلسطینیوں کی ضروریات کو پورا کرنے اور غاصب صیہونیوں کے ہاتھوں تباہ ہونے والی عمارتوں کی تعمیر نو شروع کرنے کی ضرورت پر بات چیت کی گئی۔

ملاقات میں صہیونی قبضے کے خلاف فلسطینیوں کی مزاحمت اور غاصبوں کو فلسطینی سرزمین سے بے دخل کرنے کے فلسطینی عوام کے حق پر بھی زور دیا گیا۔

یہ ملاقات تحریک حماس کے متعدد کمانڈروں کی موجودگی میں منعقد ہوئی۔ مذکورہ ملاقات میں برازیل کی ورکرز پارٹی کے سربراہ نے فلسطینی عوام اور برازیل کے درمیان دوطرفہ تعلقات،  فلسطینیوں کی آزادی، حق خود ارادیت اور آزاد ریاست کے قیام کے حق کی حمایت کی ۔

ھنیہ نے حماس اور فلسطین کی حمایت کرنے پر برازیل کی ورکرز پارٹی کے مضبوط موقف کو سراہا۔

اس سے قبل برازیل کے صدر لولا داسیلوا نے کل (اتوار) میونخ سیکیورٹی کانفرنس میں غاصب صیہونی حکومت پر غزہ کی پٹی میں فلسطینی شہریوں کے خلاف "نسل کشی" کے جرم کا ارتکاب کرنے کا الزام عائد کیا تھا اور اس بات پر زور دیا تھا کہ صیہونی حکومت جو کچھ کر رہی ہے وہ دوسری جنگ عظیم میں ہٹلر کے جرائم کی طرح ہے۔

0 Persons

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .