ارنا کے مطابق اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل مندوب امیر سعید ایروانی نے، عراق اور شام میں دہشت گردوں کے اڈوں پر ایران کے حالیہ حملوں کے حوالے سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے چیئر مین کے نام ایک خط لکھا ہے۔
امیر سعید ایروانی نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے چیئر مین کے نام اپنے مکتوب میں لکھا ہے کہ ہم آپ کو اطلاع دینا چاہتے ہیں کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے جو خود دہشت گردی کی بھینٹ چڑھا ہے،بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے منشور کے مطابق اپنے دفاع کے حق کے تحت انسداد دہشت گردی آپریشن میں عراق اور شام میں دہشت گردی کے مراکز پر حملے کئے ہیں۔
انھوں نے اپنے مکتوب میں وضاحت کی ہے کہ یہ انسداد دہشت گردی آپریشن کرمان میں انجام پانے والے دلخراش دہشت گردانہ حملے کے جواب میں کیا گیا ہے جس میں عورتوں اور بچوں سمیت سو سے زائد بے گناہ شہری شہید اور کئی سو دیگر زخمی ہوگئے تھے۔
امیر سعید ایروانی نے اپنے مکتوب میں لکھا ہے کہ خوش قسمتی سے کرمان دہشت گردانہ حملے کی سلامتی کونسل کے سبھی اراکین نے بھی متفقہ طور پر مذمت کی ۔
اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل مندوب نے اپنے مکتوب میں اسلامی جمہوریہ ایران کے حالیہ انسداد دہشت گردی آپریشن کی تفصیل پر روشنی ڈالتے ہوئے لکھا ہے کہ اس آپریشن میں شام کے صوبہ ادلب اور شمال مشرقی علاقے میں جو دہشت گردوں کے قبضے میں ہے، دو مسلمہ دہشت گرد گروہوں، داعش اور تحریر الشام کے اڈوں کو پوری دقت کے ساتھ بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا اور عراق کے کردستان ریجن کے شہر اربیل میں اسرائيلی حکومت سے وابستہ، ایران مخالف دہشت گردوں کے زیر استعمال ایک جاسوسی اڈے پر بھی دقیق نشانہ لینے والے بیلسٹک میزائلوں سے حملہ کیا گیا ہے۔
امیر سعید ایروانی نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے چیئر مین کے نام اپنے مکتوب میں وضاحت کی ہے کہ اس انسداد دہشت گردی آپریشن میں اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قوانین کی مکمل پابندی کی گئي ہے۔
انھوں نے اپنے مکتوب کے آخر میں لکھا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران عراق اور شام کے قومی اقتدار اعلی خود مختاری ، اتحاد اور ارضی سالمیت کا احترام کرتا ہے اور اسی کے ساتھ اپنے قومی اقتدار اعلی، نیشنل سیکورٹی اور اپنے شہریوں کی بھی اہمیت دیتا ہے۔
اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے چیئر مین کے نام اپنے مکتوب میں لکھا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران ہر قسم کے خطرے یا حملے کے مقابلے میں اپنے مفادات اور اپنی سرحدوں کے اندر امن و سلامتی کے تحفظ میں بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے منشور کے مطابق اپنے حق سے استفادہ کرے گا۔
آپ کا تبصرہ