ایران پوری دنیا میں امن و امان کی توسیع میں تعاون پر تیار ہے، صدر ایران

تہران-ارنا- اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا ہے کہ دنیا کے عوام کو امید ہے  کہ اقوام متحدہ تسلط پسند طاقتوں کو روکے گی اور ایران پوری دنیا میں امن و امان کی توسیع اور اقوام عالم پر ظلم کے سد باب کے لئے تعاون پر تیار ہے۔

          صدر ایران سید ابراہیم رئیسی نے نیویارک میں اپنی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرش سے ملاقات کی۔

          صدر مملکت نے اس ملاقات میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور سیکریٹیٹ کی کوششوں کی قدر دانی کرتے ہوئے کہا کہ انصاف کے قیام، امتیازی سلوک و غربت کے خاتمے اور پائیدار امن کے سلسلے میں اقوام عالم کی توقعات پر توجہ دینا، اقوام متحدہ کی اہم ذمہ داریوں اور اصل فرائض میں شامل ہے۔

          انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے عوام کو امید ہے کہ اقوام متحدہ تسلط پسند طاقتوں کو روکے گی اور چونکہ جنگ پسندی، بڑی اور سامراجی طاقتوں کی سرشت میں شامل ہے اس لئے عالمی امن و پائيداری کو نقصان پہنچانے والے اس خطرناک رویہ کو روکنے کے لئے اقوام متحدہ کی جانب سے اقدامات بے حد ضروری ہیں۔

           صدر مملکت نے افغانستان، یمن اور شام کے  سیاسی مستقبل اور تسلط و اقتدار پسند طاقتوں کی طمع کاری کی وجہ سے افریقہ میں تقسیم کی جانب سے دنیا کے مختلف ملکوں کی تشویش کا ذکر کیا اور ان ملکوں کے عوام پر مظالم کے سد باب کے لئے اقوام متحدہ کے اہم رول پر زور دیا۔

          صدر سید ابراہیم رئيسی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ اسلامی جمہوریہ ایران اقوام متحدہ کے ساتھ تعاون پر تیار ہے کہا کہ ایران پوری دنیا میں امن و امان کی توسیع اور دوسری قوموں پر ظلم کے سد باب کے مشن میں شرکت کے لئے تیار ہے۔

          انہوں نے اسی طرح اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے مطالبہ کیا کہ وہ ایران کے سلسلے میں خبروں کو براہ راست اور صحیح چینل سے حاصل کریں کیونکہ تسلط پسند طاقتوں کے زير اثر ذرائع ابلاغ، ایران کی صحیح شبیہ پیش نہیں کرتے۔

          صدر مملکت نے ایران میں  مرد و ‏عورت کے درمیان انصاف اور حقوق نسواں پر توجہ کو پوری دنیا میں بے مثال قرار دیا اور سائنس و ٹکنالوجی، کھیل کود، سماجی و ثقافتی سرگرمیوں میں بڑی تعداد میں ایرانی خواتین و لڑکیوں کی موجودگی کو اس کا ثبت قرار دیا ۔

          اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرش نے بھی اس ملاقات میں اقوام متحدہ اور اسلامی جمہوریہ ایران کے درمیان تعاون میں توسیع میں دلچسپی ظاہر کی اور علاقائی پائیداری میں موثر ملکوں کی حیثیت سے ایران و سعودی عرب کے درمیان تعلقات میں مثبت تبدیلی کا خیر مقدم کیا۔

           اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے یمن میں ایران کے تعمیری کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ، یمن بحران کے خاتمے کے لئے ایران کی تجاویز کی حمایت کرتا ہے۔

     ہمیں فالو کیجئے @IRNA_Urdu

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .