ایران واضح اصولوں اور معیاروں کے مطابق مذاکرہ کرتا ہے، نائب وزیر خارجہ خطیب زادہ

تہران/ ارنا- نائب وزیر خارجہ اور وزارت خارجہ کے سیاسی اور بین الاقوامی ریسرچ سینٹر کے سربراہ سعید خطیب زادہ نے ہمارے نمائندے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ کے ساتھ مذاکرات، عدم اعتماد پر مبنی ہیں اور ہم باتوں پر نہیں عملی اقدامات پر نظر رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایرانی مذاکرات کار عوام کے مسلمہ حقوق کو حاصل کرنے کے لیے فریق مقابل کی سنجیدگی اور ان کے ممکنہ اقدامات کی تصدیق کی کوشش کریں گے کیونکہ افسوس کے ساتھ گزشتہ 40 سال کے دوران امریکہ نے ایسی حرکتیں کی ہیں جس کے نتیجے میں ہمارے عدم اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔

نائب وزیر خارجہ خطیب زادہ نے کہا کہ ہم مذاکرات کے ذریعے اپنا موقف بیان اور ایک موضوع کے راہ حل کی تلاش کریں گے لیکن ضروری نہیں کہ اس راستے کے اختتام پر مفاہمت حاصل ہوکر رہے۔

سعید خطیب زادہ نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے ہمیشہ واضح اصولوں اور معیاروں کے مطابق مذاکرہ کیا ہے اور یہ سلسلہ آج بھی جاری رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ راستہ طے کیا جائے گا اور ابھی پرامید یا بدظن ہونے کا وقت نہیں آیا ہے۔

سینیئر سفارتکار سعید خطیب زادہ نے کہا کہ ہمارا ہدف پابندیوں کا خاتمہ ہے اور اس کے لیے ہم امریکیوں کے عملی اقدامات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .