ایران ھند تہذیبی رشتے دو طرفہ تعاون کی بنیاد ہیں، صدر سید ابراہیم رئيسی

تہران (ارنا) ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے ایران اور ہندوستان کے تہذیبی اور تاریخی رشتوں کو تہران اور نئی دہلی کے درمیان دوطرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر تعاون کے فروغ کی بہترین بنیاد قرار دیا۔

ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کی شام صدر ایران سید ابراہیم رئیسی کے ساتھ فون پر بات چیت کی اور حضرت شاہ چراغ (ع) کے مزار پر دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے ایران کی حکومت، قوم اور اس سانحہ کے متاثرین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔  

ہندوستان کے وزیر اعظم نے ایران اور ہندوستان کے درمیان دوطرفہ اور طویل مدتی تعاون پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں کہا کہ ہندوستان چابہار کی بندرگاہ کے مشترکہ توسیعی منصوبے کو حتمی شکل دینے کے لیے تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس بندرگاہ کی توسیع اور ٹرانزٹ ہب میں تبدیلی خطے میں خوشحالی کا باعث بنے گی۔ 

 صدر مملکت سید ابراہیم رئیسی نے بھی حضرت شاہ چراغ (ع) کے مزار پر دہشت گردانہ حملے کے سلسلے میں ہندوستان کے وزیر اعظم کے اظہار ہمدردی کا شکریہ ادا کیا۔

 انہوں نے کہا کہ ایران علاقائی یکجہتی کو مضبوط اور اقتصادی تعلقات کو فروغ دینا چاہتا ہے اور اس حوالے سے دنیا کے تمام ممالک بالخصوص ایشیائی ملکوں کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو آگے بڑھانے کا ارادہ رکھتا ہے۔

صدر ایران  نے ہندوستان کے ساتھ  دو طرفہ تعلقات کے فروغ  خاص طور پر ٹرانزٹ اور توانائی اور علاقائی سلامتی کے حوالے سے تعاون اور بات چیت کو انتہائی اہم قرار دیا۔ انہوں نے شمال جنوب کوریڈور اور اسی طرح چابہار کی بندرگاہ کو جلد ازجلد فعال بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔   

سید ابراہیم رئیسی کا کہنا تھا کہ ایران اور ہندوستان کے درمیان پائے جانے والے دیرینہ تہذیبی اور تاریخی رشتوں نے دونوں ملکوں کے درمیان تعاون اور تعلقات کے فروغ کی بہترین بنیاد فراہم کی ہیں.

ہمیں فالو کیجئے @IRNA_Urdu

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .