اسلام آباد میں ایرانی سفارت خانے کے پبلک ڈپلومیسی اور میڈیا ڈیپارٹمنٹ نے پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں واقع گوادرکی بندرگاہ پر ہونے والے حالیہ دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایک پیغام بھی جاری کیا۔
اس پیغام میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردوں کی کارروائی کا مقصد ملکوں کی سلامتی اور استحکام کو درہم برہم کرنا اور خطے میں ترقیاتی اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کو ملتوی کرنا ہے، اس لیے دہشت گردی کے مذموم رجحان سے نمٹنے کے لیے سیکورٹی تعاون کو مضبوط کرنا ناگزیر ہے۔
رپورٹ کے مطابق، پاکستان کے شہر گوادر میں چینی انجینئرز کو لے جانے والے پاکستانی سکیورٹی فورسز کے ایک گروپ پر دہشت گرد عناصر نے حملہ کیا۔ اس حملے میں پاکستانی فوجیوں یا عام شہریوں کو کوئی نقصان نہیں پہنچا مگر پاکستانی سکیورٹی فورسز کی فوری جوابی کارروائی میں 2 دہشت گرد مارے گئے۔
بلوچ لبریشن آرمی کے دہشت گرد اور علیحدگی پسند ماجد بریگیڈ گروپ سے وابستہ گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بلوچستان میں اس حملے کے ردعمل میں اسلام آباد کی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ چینی شہریوں کی حفاظت کو مزید بہتر کرے۔
چینی ترجمان نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور چین کی دوستی اور دونوں ممالک کے مشترکہ اقتصادی راہداری منصوبے کے خلاف کی جانے والی ہر سازش ناکام ہوگی۔
آپ کا تبصرہ