اسلامی انقلاب نے تاریخ کا رخ موڑ دیا: حماس کے پولٹ بیورو کے نائب سربراہ کا بیان

 تہران – ارنا – حماس کے پولٹ بیورو کے نائب سربراہ نے اسلامی انقلاب کی سالگرہ کے جشن سے خطاب میں کہا ہے کہ آپریشن طوفان الاقصی صیہونی حکومت کے سقوط کا پہلا مرحلہ تھا اور آج آزادی قدس کی نئ صبح کا آغاز ہوگیا ہے

 ارنا کے مطابق حماس کے پولٹ بیورو کے نائب سربراہ خلیل الحیہ نے آج پیر 10 فروری 2025 کو تہران کے آزادی اسکوائرپر، اسلامی انقلاب کی سالگرہ کی عظیم الشان عوامی ریلی سے خطاب میں کہا کہ آپریشن طوفان الاقصی کی  پورے استقامتی محاذ کی جانب سے حمایت نے غزہ اور فلسطین کو اس شاندار فتح سے ہمکنار کیا ہے۔

  انھوں نے کہا کہ ایران نے بھی غاصب صیہونی حکومت کی جارحیت کے جواب میں دو کامیاب آپریشن، وعدہ صادق ایک اور وعدہ صادق دو، انجام دیئے۔

خلیل الحیہ نے کہا کہ اب وہ وقت آگیا ہے کہ ہم  اسرائيلیوں، امریکیوں اور مغرب والوں کی غنڈہ گردی اورجارحیت کو ختم کریں اور امریکا ویورپ کی جانب سے، اسرائیلیوں کی سرکشی کی حمایت پر خط بطلان کھینچ دیں۔

فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے پولٹ بیورو کے نائب سربراہ نے کہا کہ آج قدس شریف اور فلسطین کی آزادی کی نئی صبح کا آغاز ہوا ہے  ۔

 انھوں نے  کہا کہ آپریشن طوفان الاقصی غاصب صیہونی حکومت کے سقوط اور سرزمین فلسطین سے اس کے غاصبانہ قبضے کے خاتمے نیز ملت فلسطین کی فتحمندی کا پہلا مرحلہ تھا۔  

انھوں نے کہا کہ طوفان الاقصی صیہونیوں کی خام خیالیوں اور ہرزہ سرائیوں پر خط بطلان تھا۔  

حماس کے پولٹ بیورو کے نائب سربراہ نے کہا کہ طوفان الاقصی نے خوف کی  فضا ختم کردی۔

 انھوں نے کہا کہ ہم سے ہمیشہ کہا جاتا تھا کہ خون شمشیر پر فتح نہیں حاصل کرسکتا، لیکن ہم نے دیکھا کہ خدا وندعالم کا یہ وعدہ پورا ہوا کہ ایک چھوٹا سا گروہ،  اذن خدا سے، خدا کی نصرت سے بہت بڑے گروہ پر فتح حاصل کرسکتا ہے۔  

خلیل الحیہ نے اسلامی انقلاب کی چھیالیسویں سالگرہ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے اسلامی انقلاب نے تاریخ کا دھارا موڑ دیا، فلسطینی امنگوں کو اپنی آغوش میں لیا اور فلسطین نیز استقامتی فلسطینی محاذ کے حق کا دفاع کیا۔

انھوں نے کہا کہ اسلامی انقلاب کے بعد گزرنے والے چند عشروں کے دوران اسلامی انقلاب ہمیشہ فلسطین کا حامی رہا ہے اور اس کی یہ حمایت اسی طرح جاری رہے گی۔

  حماس کے پولٹ بیورو کے نائب سربراہ نے کہا کہ " ہمیں یقین ہے کہ ایران ہمیشہ  فلسطین کا حامی اور فلسطینی عوام نیز استقامتی فلسطینی محاذ کا مدافع رہے گا یہانتک کہ  ہم ایک دن مل کر قدس شریف کی آزادی کا جشن منائيں گے۔

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .