مغربی دنیا، ایران اور آئی اے ای اے کے مذاکرات میں مسائل کھڑے کر رہی ہے: روس

لندن/ ارنا- ویانا میں بین الاقوامی اداروں میں روس کے مستقل مندوب میخائیل اولیانوف نے کہا ہے کہ مغربی ممالک ایران اور ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی کے درمیان معاملات کے حل ہونے میں خلل ڈال رہے ہیں۔

روس کے خبررساں ادارے ریانووستی سے گفتگو کرتے ہوئے اولیانوف نے کہا کہ یہ کہنا درست نہیں کہ ایران اور آئی اے ای اے کے درمیان مذاکرات میں پیشرفت حاصل نہیں ہوئی ہے بلکہ مذاکرات کی رفتار کند ہے اور اس کی وجہ بعض رکاوٹیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نومبر میں آئی اے ای اے کے سربراہ تہران گئے اور ایران کے اعلی عہدے داروں سے ملاقات اور گفتگو کے علاوہ کئی ایٹمی مراکز کا معائنہ کیا من جملہ وہ مراکز جو ایران اور ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی کے درمیان طے پانے والے پروٹوکول میں شامل نہیں تھے۔

میخائیل اولیانوف نے کہا کہ متعدد موضوعات من جملہ 60 فیصد افزودہ یورینیم کے معاملے پر بھی دونوں فریقوں کے مابین مفاہمت بھی ہوئی لیکن امریکہ، برطانیہ، جرمنی اور فرانس نے ان مذاکرات اور سمجھوتے کی حمایت کے بجائے، غیرتعمیری رویہ اختیار کیا۔

انہوں نے کہا کہ مذکورہ ممالک نے آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنرز میں ایران کے خلاف قرارداد منظور کرکے ماحول کو بگاڑ دیا ہے۔

روس کے سینیئر سفارتکار نے کہا کہ ایسے سیاسی ماحول میں ایران گروسی سے ہونے والے سمجھوتے پر عملدرامد نہ کرسکا اور یورینیم کو 60 فیصد تک افزودہ کرنے پر مجبور ہوگیا۔

واضح رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے ہمیشہ ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی کے ساتھ خیرسگالی پر مبنی رویہ رکھنے کی کوشش کی ہے لیکن مغربی ممالک نے غیرتعمیری اور مداخلت پسندی پر مبنی حرکتیں کرکے ایران کے پرامن ایٹمی پروگرام کے سامنے رکاوٹ کھڑی کرنے کی کوشش کی ہے۔

0 Persons

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .