اسپیکر ڈاکٹر قالیباف: پیشرفتہ سینٹری فیوج مشینوں کو آپریشنل کرنا آئی اے ای اے کے سیاسی اقدام کا جواب ہے

تہران – ارنا – اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا ہے کہ جدید اور پیشرفتہ ترین سینٹری فیوج مشینوں کو آپریشنل کرنا، ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی کے بورڈ آف گورنرس سے غلط سیاسی فائدہ اٹھائے جانے کا جواب ہے

ارنا کے مطابق اسپیکر ڈاکٹر محمد قالیباف نے اتوار چوبیس نومبر کو پارلیمنٹ کے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ امریکا اور تین یورپی ملکوں کے سیاسی محرکات کے حامل غیر حقیقت پسندانہ رویئے کے نتیجے میں آئی اے  ای اے کے بورڈ آف گورنرس نے ایران کے پرامن ایٹمی پروگرام کے خلاف بلاجواز قرار داد پاس کی ۔

 انھوں نے کہا کہ یہ قرار داد بورڈ آف گورنرس کے اراکین کے اجماع کے بغیر پاس کی گئی ۔

انھوں نے کہا کہ امریکا اور تین یورپی ملکوں نے ایران کی پر امن ایٹمی سرگرمیوں کو اپنے غیر قانونی اقدامات کا بہانہ قرار دیا اور اپنی بد عہدی اور عدم صداقت سے آئی اے ای اے کے اعتبار اور خودمختاری کو مجروح کررہے ہیں ۔

اسپیکر ڈاکٹر قالیباف نے کہا کہ امریکا اور یورپی ٹرائیکا کے رکن ممالک ایران اور آئی اے ای اے کے درمیان تعاون کی تقویت کی تعمیری فضا کو متاثر کرنا چاہتے ہیں ۔

انھوں نے کہا کہ   ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی کے بورڈ آف گورنرس کے اجلاس سے سیاسی محرکات کے تحت غلط اٹھائے جانے کے جواب میں ایران نے فوری طورپرجدید اور پیشرفتہ ترین سینٹری فیوج مشینوں کو آپریشنل کردیا۔

ایرانی پارلیمنٹ  کے اسپیکر نے کہا کہ سیاسی محرکات کے تحت انجام پانے والے غیر تعمیری اقدامات اس بات  کا باعث بنتے ہیں کہ ممالک اپنی قومی سلامتی کے تحفظ کے لئے آئی اے ای اے کے دائرے سے باہر کا راستہ اختیار کریں۔

انھوں نے کہا کہ امید ہے کہ آئی اے ای اے اور ملکوں کے سربراہان اس قرار داد کی مخالفت کرکے امریکا اور یورپی ٹرائیکا کے ظالمانہ تسلط کا خاتمہ کریں گے اور ایجنسی کے تکنیکی اعتبار نیز خودمختاری کو محفوظ رکھیں گے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے اسپیکر ڈاکٹر محمد قالیباف نے اپنے خطاب میں اسی طرح پاکستان کے علاقے پارا چنار کے شیعہ مسلمانوں کی بسوں پر دہشت گردانہ حملے میں شہید ہونے والوں کے لواحقین، اورپاکستانی عوام نیز حکومت کو تعزیت پیش کی اور زخمیوں کے لئے جلد سے جلد شفایابی کی دعا کی ۔  

انھوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اس حوالے سے اپنے دوست اور برادر ملک پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے اور اس قسم کے حملوں کی روک تھام نیز علاقے میں امن و امان کی توسیع کا خواہشمند ہے۔

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .