25 ستمبر، 2024، 8:05 PM
Journalist ID: 5632
News ID: 85607882
T T
0 Persons

لیبلز

اقتصادی تعاون بڑھانے پر ایران اور پاکستان کے سربراہوں کا اتفاق

 نیویارک – ارنا – اسلامی جمہوریہ ایران اور پاکستان کے سربراہوں نے اقتصادی اور تجارتی تعاون بڑھانے اور گیس پائپ لائن پروجکٹ کی تکمیل میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کے لئے ایک مشترکہ ورکنگ گروپ کی تشکیل پر اتفاق کیا ہے۔

ارنا کے مطابق نیویارک میں  اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے قیام کے آخری دن پاکستان کے وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے صدرایران ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ان کی قیامگاہ پر ملاقات کی ہے ۔

صدر ایران نے اس موقع پر اپنے دینی بھائیوں اورپڑوسیوں سے ملاقات کو اہم قرار دیا اور پاکستان کے وزیر اعظم سے ملاقات پر خوشی کا اظہارکیا۔

انھوں نے ایران کے شہید صدر آیت اللہ رئیسی کے دورہ پاکستان میں ہونے والے سمجھوتوں کو آخری شکل دینے اور ان پر عمل درآمد کے لئے تہران کے عزم کا اعلان کیا۔

صدر ایران نے علاقائی ملکوں کے درمیان عوامی رابطوں اور تجارتی لین دین میں سہولت کے لئے ریلوے اور روڈ ٹرانسپورٹ کا وسیع نیٹ ورک وجود میں لانے  کے اپنے نظریئے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس نظریئے پر عمل کے لئے ایک ایسے جامع منصوبے کی ضرورت ہے جس میں اقتصادی، سیاسی، مواصلاتی اور سیکورٹی کے سبھی تقاضے مد نظر رکھے جائيں۔  

آنھوں نے کہا کہ یہ پروجکٹ علاقے کے عوام کے ایک دوسرے سے زیادہ قریب آنے اور علاقے کے سبھی ملکوں کے مفادات کی تکمیل کے عمل میں تیزی لاسکتا ہے۔

ڈاکٹر مسعود پزشکیا نے کہا کہ اگر ہم مسلمین خدا، قرآن اور اپنے پیغمبر کے احکامات کے مطابق واقعی برادارانہ طریقے سے ایک دوسرے کے قریب ہوتے اور ہم میں اختلاف و تفرقہ نہ ہوتا تو آج صیہونی حکومت اس طرح جرائم کے ارتکاب کی جرائت نہ کرتی۔  

صدر ایران نے کہا کہ صیہونی اور اس کے حامی مسلمانوں کے درمیان دھڑے بندی سے فائدہ اٹھاکر اتنی گستاخی کے ساتھ جرائم کا ارتکاب کررہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ضرورت اس بات ہے کہ ہم غاصب صیہونی حکومت کے جرائم رکوانے کے لئے باہمی اجتماعی تعاون اور مشترکہ اقدام میں اپنی ساری توانائیاں بروئے کار لائیں۔

پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی اس ملاقات میں کہا کہ  ایران کے شہید صدر آیت اللہ رئیسی کے دورے میں دونوں ملکوں کے درمیان بہت اچھے سمجھوتے ہوئے ہیں اور آپ کے انتخاب کے بعد مجھے یقین ہے کہ ان سمجھتوں پر عمل درآمد ہوگا اور ہمارے روابط پہلے سے زیادہ فروغ پائيں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ وہ باہمی روابط بڑھانے کے لئے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے ساتھ صدق دل سے تعاون کے لئے تیار ہیں۔

 شہباز شریف نے غزہ اور لبنان کے خلاف صیہونی حکومت کے جرائم میں شدت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ غزہ اور لبنان کے حالات پر ہماری، آپ کی اور دنیا کی تشویش مشترک ہے۔

انھوں نے کہا کہ لبنان پر اسرائیل کے حالیہ حملوں نے ثابت کردیا ہے کہ نتن یاہو اپنے جرائم کا سلسلہ روکنے کا  کوئی ارادہ نہیں رکھتے بلکہ ان کا دائرہ پورے علاقے میں پھیلادینا چاہتے ہیں۔

میاں شہباز شریف نے کہا کہ یقینا یہ عالم اسلام  کی کمزوریوں اور آپسی اختلاف کا نتیجہ ہے بنابریں ہمیں آپسی اختلافات ختم کرکے پیکرواحد کی طرح متحدہ ہوکرغاصب صیہونی حکومت اور اس کے حامیوں کا مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے۔

 اسلامی جمہوریہ ایران اورپاکستان کے سربراہوں نے اس ملاقات میں  اقتصادی اور تجارتی تعاون بڑھانے اور گیس پائپ لائن پروجکٹ کی تکمیل میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کے لئے ایک مشترکہ ورکنگ گروپ کی تشکیل پر اتفاق کیا ہے۔

صدر ایران ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس ميں شرکت کے لئے نیویارک کے دورے پر ہیں ۔

 انھوں نے اس دورے میں جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کے علاوہ دنیا کے مختلف ملکوں کے سربراہوں اور دیگر عالمی رہنماؤں میں ملاقات اور علاقائی نیز بین الاقوامی مسائل پر گفتگو بھی کی ہے۔

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .