ارنا کے مطابق وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے اپنے سماجی رابطے کے پیج پر نیویارک میں اپنے دوسرے دن کی سرگرمیوں کی رپورٹ پیش کی ہے۔
انھوں نے لکھا ہے کہ گزشتہ روز انھوں نے نیویارک میں محترم صدر جناب پزشکیان اور ان کے ہمراہ آنے والے وفد کا استقبال کیا ۔
اس سے پہلے دوجانبہ سیاسی ملاقاتیں کی تھیں۔
سید عباس عراقچی نے لکھا ہے کہ لبنان کے وزیر خارجہ جناب عبداللہ بو حبیب سے ملاقات میں جنوبی لبنان کی تازہ ترین صورتحال، اور صیہونی حکومت کے حملوں کے نتائج کا جائزہ لیا گیا۔
ایران کے وزیر خارجہ نے اپنی پوسٹ میں لکھا ہے کہ انھوں نے اس ملاقات میں صیہونیوں کی وحشیانہ کارروائیوں کے مقابلے میں لبنان کی استقامت کو قابل تعریف قرار دیا اوراسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے اس دلیرانہ استقامت کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا، لبنان میں امن و استحکام کی برقراری اور صیہونیوں کی جارحیت کو فوری طور پر رکوانے کے لئے عالمی اقدام کی ضرورت پر زور دیا ۔
سید عباس عراقچی نے اپنی اس پوسٹ میں لکھا ہے کہ انھوں نے سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان سے ملاقات میں سعودی عرب کے قومی دن کی مبارکباد پیش کی اور باہمی روابط نیز علاقائی اور بین الاقوامی مسائل میں باہمی تعاون کے استحکام کو ضروری قرار دیا، غزہ اور لبنان کے حالات کا جائزہ لیا اور صیہونی جارحیت کے مقابلے میں اسلامی ملکوں کی ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا۔
سید عباس عراقچی نے لکھا ہے کہ انھوں نے اسی طرح ازبکستان اور بلغاریہ کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتوں میں بھی دوجانبہ روابط میں توسیع کی راہوں کا جائزہ لیا ، علاقائی اور بین الاقوامی امور میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا اور فلسطین نیز لبنان کے حالات پر بھی گفتگو کی۔
آپ کا تبصرہ