پاکستان کی طرف سے لبنان کی حمایت اور اسرائیل کے دہشت گردانہ حملوں کی مذمت

اسلام آباد (IRNA) پاکستان دفتر خارجہ کی ترجمان نے لبنان میں حالیہ دہشت گردانہ دھماکوں کی مذمت اور اس ملک کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد لبنان کی سلامتی اور ارضی سالمیت کی حمایت کرتا ہے۔

ارنا کے نامہ نگار کے مطابق پاکستان کے دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا نے جمعرات کو اسلام آباد میں اپنی ہفتہ وار پریس کانفرنس میں پیجر دھماکوں کے ذریعے لبنانی عوام کے خلاف کیے جانے والے اسرائیلی حملوں کو دہشت گردانہ کارروائی قرار دیا اور اس کی شدید مذمت کی۔

انہوں نے لبنانی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی اور حالیہ دہشت گردانہ حملوں کے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان جمہوریہ لبنان کی سلامتی اور ارضی سالمیت کی حمایت کرتا ہے۔

پاکستان کے دفتر خارجہ کی ترجمان نے خطے میں اسرائیل کی طرف سے بڑھتے ہوئے خطرات اور اس کی مہم جوئی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ غاصب اسرائیل کی حکومت سے اس کے جرائم اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں پر  جواب طلب کرے۔  

منگل کے روز صیہونی حکومت نے ایک مجرمانہ کارروائی میں لبنان میں متعدد پیجر آلات کو دھماکے سے اڑا دیا۔حزب اللہ کے بیان کے مطابق یہ آلات حزب اللہ کے مختلف یونٹوں اور اداروں کے متعدد کارکنان استعمال کرتے تھے۔

حزب اللہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ ادارے ان بیک وقت ہونے والے دھماکوں کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

پاکستان کے دفتر خارجہ کی ترجمان نے اپنی بریفنگ میں پاکستان میں غیر ملکی افواج کو اڈے فراہم کرنے کے حوالے سے کسی بھی قسم کی قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کا کسی بھی دوسرے ملک یا تنظیم کو اڈہ فراہم کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا۔ 

اسلام آباد اور کابل کے درمیان موجودہ کشیدگی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ہم پشاور میں افغان قونصلیٹ جنرل کی جانب سے پاکستان کے قومی ترانے کی توہین کی مذمت کرتے ہیں اور ان کی پیش کردہ وضاحت ہمارے لیے ہرگر قابل قبول نہیں ہے۔

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .