15 جولائی، 2024، 8:33 PM
Journalist ID: 5632
News ID: 85540040
T T
0 Persons

لیبلز

 پزشکیان: ایران کی جانب سے مظلوم فلسطینی قوم کی حمایت کی بنیاد اسلامی تعلیمات ہیں

تہران – ارنا – اسلامی جمہوریہ ایران کےمنتخب صدر نے مظلوم فلسطینی قوم کی حمایت کو اسلامی تعلیمات، انسانی اور اخلاقی اصولوں نیز حضرت امام خمینی رحمت اللہ علیہ اور رہبر انقلاب اسلامی کی ہدایات پر استوار قرار دیا ہے

ارنا کے مطابق حماس کے پولٹ بیورو کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے اتوار کی شام منتخب صدر مسعود پزشکیان کے ساتھ ٹیلیفون پر گفتگو کی ۔

 اسماعیل ہنیہ نے صدارتی الیکشن میں ایرانی عوام کی بھرپور شرکت  اور بھاری مینڈیٹ کو ایرانی قوم اور اسلامی جمہوری نظام کی طاقت اور عظمت کی علامت قرار دیا۔

 انھوں نے اس ٹیلیفونی  گفتگو میں کہا کہ مبارکباد کے پیغام کے جواب میں آپ نے فلسطینی قوم اور اسلامی استقامتی محاذ کے بارے میں جس ٹھوس اور محکم اسلامی موقف کا اعلان کیا ہے، ہم اس کی قدردانی کرتے ہیں۔

حماس کے پولٹ بیورو کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے کہا کہ آپ کا یہ پیغام مستقبل کی پالیسی اور اس بات کی  نشاندہی کرتا ہے کہ مسئلہ فلسطین، اور بیت المقدس نیز مسجدالاقصی کی آزادی کے حوالے سے اسلامی جمہوریہ ایران کا دیرینہ موقف پوری قوت سے جاری رہے  گا۔  

 اسماعیل ہنیہ نے ایران کے منتخب صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے ساتھ اس ٹیلیفونی گفتگو میں غزہ کی تازہ ترین صورتحال کی وضاحت کی اور آپریشن طوفان الاقصی کے نو ماہ گزرجانے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اس کو اپنی سرزمین کی آزادی کے لئے ملت فلسطین کی عظیم ترین جنگ سے تعبیر کیا۔

 انھوں نے کہا کہ گزشتہ نو ماہ کے دوران صیہونی حکومت اور اس کے حامیوں نے ہولناک ترین اور وحشیانہ ترین جرائم کا ارتکاب کیا ہے۔

 حماس کے پولٹ بیورو کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے غزہ کے علاقے خان یونس میں غاصب صیہونی حکومت کے تازہ وحشیانہ جنگی جرائم کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی جب بھی اس قسم کے وحشیانہ جرائم کا ارتکاب کرتے ہیں تو کہتے ہیں کہ وہ حماس کے بڑے کمانڈروں کو شہید کرنا چاہتے ہیں، لیکن ان کے یہ دعوے بالکل جھوٹ اور رائے عامہ کو گمراہ کرنے کے لئے ہیں۔

اسماعیل ہنیہ نے کہا کہ یہ بات بالکل واضح ہے کہ نتن یاہو جنگ کے خاتمے کا سمجھوتہ کرنا نہیں چاہتا بلکہ وہ جنگ کو وسیع تر کرنے کی فکر میں ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے منتخب صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے حماس کے پولٹ بیورو کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کے ساتھ اس ٹیلیفونی گفتگو میں غاصب صیہونی حکومت کے تازہ وحشیانہ جرائم کی سخت مذمت کی۔

 انھوں نے کہا کہ اس قسم کے جرائم کا ارتکاب بے گناہ فلسطینی عوام کا قتل عام جاری رکھنے کے صیہونی عزائم کی عکاسی کرتا ہے اور ان جرائم کا مقصد فلسطینیوں  کی استقامت کو کچلنا ہے لیکن اس کا یہ ہدف خدا کے فضل سے کبھی بھی پورا نہیں ہوگا۔

ایران کے منتخب صدر نے حماس کے پولٹ بیورو کے سربراہ کے ساتھ اس ٹیلیفونی گفتگو میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے مظلوم فلسطینی قوم کی حمایت اسلامی تعلیمات، انسانی اور اخلاقی اصولوں، نیز اسلامی جمہوریہ ایران  کے بانی حضرت امام خمینی رحمت اللہ علیہ اور رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کی رہنمائیوں اور ہدایات پر استوار ہے۔   

انھوں نے کہا کہ میری حکومت مسئلہ فلسطین کو عالم اسلام  کے مرکزی موضوع کی حیثیت سے اپنی ترجیحات میں قرار دے گی ۔

ایران کے منتخب صدر نے کہا کہ ہم کوشش کریں گے کہ سبھی اسلامی اور پڑوسی ملکوں کے ساتھ مل کر اور ان کے تعاون سے غزہ کی جنگ اور مظلوم فلسطینی عوام کا قتل عام بند کرانے کے لئے سبھی سیاسی اور سفارتی راستوں سے کام لیں ۔

 ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے کہا کہ اس کے بعد ہم سرزمین فلسطین پر طویل عرصے سے جاری ناجائز قبضہ ختم کرانے کے لئے ضروری اقدامات عمل میں لائیں گے۔

 انھوں نے کہا کہ ہمارا نظریہ ہے کہ غزہ کے مستقبل کا فیصلہ، فلسطینی عوام ہی کرسکتے ہیں اور اس حقیقت کو نظرانداز کرکے جو راستہ اور فارمولا بھی اپنایا جائے گا وہ ناکام ہوگا۔

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .