نگراں وزیر خارجہ علی باقری اور عراق کے وزير خارجہ فواد حسین نے ملاقات کے بعد ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں شرکت کی۔
پریس کانفرس ميں علی باقری نے کہا: ہم غزہ میں کھلی نسل کشی کا مشاہدہ کر رہے ہیں لیکن غزہ کے مظلوم عوام نے ملبہ پر کھڑے ہوکر فتح کا پرچم لہرایا ہے، ہم غزہ کے عوام کے خلاف جنگ کے خاتمے پر زور دیتے ہيں اور اسلامی ملکوں کو چاہیے کہ وہ اپنی تمام توانائیاں مجتمع کرکے غزہ کے عوام کے قتل عام کو روکنے کی کوشش کریں۔
انہوں نے کہا: ہو سکتا ہے صیہونی کچھ مزید غلطیاں بھی کریں لیکن ایران نے صیہونی حکومت کی حماقت کا ٹھوس جواب دیا ہے اور تہران نے اپنے دفاع کے قانونی حق کا استعمال کیا اور جارح کو سزا دی۔
انہوں نے کہا: ایران نے وعدہ صادق آپریشن کے ذریعے یہ ثابت کر دیا کہ وہ علاقے میں قیام امن کے لئے اپنی تمام تر توانائیاں استعمال کرے گا اور صیہونیوں کو علاقائی امن و امان میں خلل اندازی کا موقع نہيں دے گا۔
علی باقری نے زور دیا: ایک پائیدار و پر امن علاقے کی تعمیر کے لئے تمام علاقائی ممالک ایک دوسرے کے ساتھ ہیں اور صیہونیوں نے یہ ثابت کر دیا کہ وہ علاقے میں نا پائیداری اور کشیدگی کی اصل وجہ ہیں۔
ایران کے نگراں وزیر خارجہ نے کہا: اگر امریکی غزہ میں جنگ بندی کے لئے اپنی تجاویز اور کاوشوں میں سچے ہيں تو انہيں چاہیے کہ غاصب و جارح صیہونیوں کی اسلحہ جاتی مدد روک دیں۔
آپ کا تبصرہ