ہمارے نامہ نگار کے مطابق پاکستان کے الیکشن کمیشن کی جانب سے ملک کے حالیہ انتخابات میں ووٹوں کی گنتی کا عمل تاحال جاری ہے جبکہ صدر پاکستان نے انتخابات کے حتمی نتائج کے اعلان میں تاخیر پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اس پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اگر الیکٹرانک ووٹنگ سسٹم استعمال کیا ہوتا تو پاکستان کو موجودہ بحران کا سامنا نہ کرنا پڑتا۔
اس رپورٹ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ گوہر علی خان نے اسلام آباد میں ملکی اور غیر ملکی صحافیوں کے ساتھ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انتخابی نتائج کی بنیاد پر عوامی رائے اور رجحان کو تسلیم کیے جانے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے اپنی حریف جماعت مسلم لیگ (ن) کے پاکستان کی قومی اسمبلی میں اکثریت حاصل کرنے کے دعوے کو بے بنیاد قرار دیا اور کہا کہ تحریک انصاف ملک کے طاقتور اداروں کے ساتھ ساتھ الیکشن کمیشن اور عدلیہ سے درخواست کرتی ہے کہ وہ عوامی منشا کے مطابق ان کے منتخب نمائندوں کو حکومت بنانے کا موقع دے۔
انہوں نے پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلی میں بھی اپنے پارٹی کے امیدواروں کی برتری کا دعوی کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ دونوں صوبوں میں وزارئے اعلی کے عہدوں کے نامزد امیدواروں کا بھی جلد اعلان کیا جائے گا۔
اس رپورٹ کے مطابق پاکستان کے بارہویں عام انتخابات کے ووٹوں کی گنتی ابھی جاری ہے اور تازہ ترین غیر سرکاری نتائج میں قومی اسمبلی کی 250 نشستوں کے نتائج جاری کیے جاچکے ہیں۔
اب تک عمران خان کی جماعت سے وابستہ امیدواروں نے 100، مسلم لیگ نواز نے 71، پیپلز پارٹی نے 53 اور متحدہ قومی موومنٹ نے 17 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔ شیعیان پاکستان کی جماعت مجلس وحدت مسلمین بھی قومی اسمبلی میں ایک نشست جیتنے میں کامیاب ہوگئی ہے۔
کہا جارہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) پنجاب اسمبلی کی سب سے زیادہ نشستیں حاصل کر کے اس صوبے حکومت بنانے کی پوزیشن میں آگئی ہے۔ پیپلز پارٹی نے سندھ اور بلوچستان کی اسمبلیوں میں سب سے زیادہ نشستیں حاصل کی ہیں۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ جب پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن) کے سربراہ نواز شریف نے گزشتہ رات اپنے حامیوں سے خطاب میں قومی اسمبلی کے علاوہ صوبہ پنجاب میں بھی اکثریت حاصل کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے وفاق اور صوبہ پنجاب میں حکومت بنانے کا اعلان کیا تھا۔
آپ کا تبصرہ