غزہ والے شہیدوں کو اجتماعی طور پر سپرد خاک کرنے پر مجبور، یورپی انسانی حقوق کے نگراں ادارے کی رپورٹ

تہران/ ارنا- یورپی انسانی حقوق کے نگراں ادارے نے بتایا ہے کہ اسرائیلی فوج کے مسلسل حملوں اور قبرستانوں تک عدم دسترسی کی وجہ سے، فلسطینی شہری اپنے شہیدوں کو اجتماعی قبروں میں دفن کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔

ادھر فلسطینی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ صیہونی فوج نے غزہ میں سات اکتوبر سے اب تک 25 ہزار 900 فلسطینی شہید اور 64 ہزار 110 فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران بھی صیہونی فوج نے فلسطینیوں پر 21 بار حملہ کرکے کم سے کم 200 نہتے عوام کو شہید اور 370 کو زخمی کردیا۔

غزہ شہر کے الکویت اسکوائر پر امدادی سامان کے انتظار میں اکٹھا ہونے والے فلسطینی شہریوں کو بھی صیہونی فضائیہ نے بمباری کا نشانہ بنایا۔ اس حملے میں بھی 20 فلسطینی شہید اور 150 زخمی ہوگئے۔

قابل ذکر ہے کہ صیہونی حکومت کو اپنے ان جرائم میں امریکہ کی مکمل حمایت حاصل ہے اور امریکہ نے سلامتی کونسل میں فوری جنگ بندی پر مبنی تمام قراردادوں کو ویٹو کرکے، تل ابیب کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .