پاکستان کے وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے جمعرات کی شام اپنے ایرانی ہم منصب حسین امیر عبد اللہیان سے ٹیلی فونی گفتگو میں، کرمان شہر میں دہشت گردانہ حملے میں بے گناہ ایرانی شہریوں کی شہادت پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے اس حملے کی مذمت کی اور ایران کی حکومت اور قوم کو تعزیت پیش کی۔
انہوں نے اس ٹیلی فونی گفتگو میں پاکستان کی حکومت کی طرف سے اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت اور قوم کو تعزیت پیش کی اور ایران کی صلاحیتوں کا اعتراف کرتے ہوئے ، پاکستان کی جانب سے ہر قسم کی مدد و تعاون پر آمادگي ظاہر کی۔
اس ٹیلی فونی گفتگو میں اسلامی جمہوریہ ایران کے وزير خارجہ حسین امیر عبد اللہیان نے ٹیلی فون کرنے اور تعزیت پیش کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ایران و پاکستان کی اولین ترجیح ہے ۔
وزیر خارجہ نے اسی طرح اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ یہ دہشت گردانہ دھماکے، دہشت گردی کے خلاف جنگ کے ہیرو جنرل قاسم سلیمانی کے یوم شہادت پر ہوئے ہیں، ديگر ملکوں کے تعاون سے دہشت گردی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے ایران کے عزم کا اعادہ کیا۔
یاد رہے بدھ کی شام ایران کے کرمان شہر میں شہید قاسم سلیمانی کے مزار کے راستے میں بزدلانہ دہشت گردانہ بم دھماکے میں اب تک 84 لوگ شہید اور 284 زخمی ہو ئے ہيں۔
آپ کا تبصرہ