ایران کے وزير خارجہ حسین امیر عبد اللہیان اور الجزائر کے اسپیکر ابراہیم بوغالی نے پیر کی شام تہران میں ایک دوسرے سے ملاقات کی جس کے دوران مختلف شعبوں خاص طور پر پارلیمانی سفارتکاری ميں تعاون میں فروغ پر تبادلہ خیال کیا گيا۔
امیر عبد اللہیان نے ایران اور الجزائر کے درمیان سیاسی تعلقات کی اعلی سطح کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایران، الجزائر کے ساتھ مختلف شعبوں خاص طور پر معاشی، تجارتی اور سیاحتی میدان میں تعلقات میں مزید توسیع کا عزم رکھتا ہے۔
ایران کے وزير خارجہ نے اسی طرح سامراجی طاقتوں کے خلاف جد و جہد اور فلسطین کی حمایت کے لئے الجزائر کے عوام کو خراج تحسین پیش کیا اور حالیہ مہینوں میں اسلامی مقدسات کی توہین کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔
انہوں نے اسلامو فوبیا اور اسلامی مقدسات کی توہین کے سد باب کے لئے اسلامی ملکوں کے پارلیمانوں کے کردار کا ذکر کیا اور اسلامی مقدسات اور قرآن کی حالیہ دنوں میں ہونے والی توہین کو روکنے کے لئے اسلامی ملکوں کے اسپیکروں کی مجازی کانفرنس کے انعقاد پر ایران و الجزائر کے اسپیکروں کے اتقاق کو اہم قرار دیا۔
الجزائر کے اسپیکر نے بھی بہت سے بین الاقوامی امور میں ایران و الجزائر کے مشترکہ موقف پر زور دیتے ہوئے اقوام متحدہ کی سیکوریٹی کونسل میں الجزائر کی رکنیت کی حمایت کے لئے اسلامی جمہوریہ ایران کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے ایران و الجزائر کے تعلقات کو بہترین سطح پر بتایا اور مختلف شعبوں میں تعلقات میں مزید توسیع کی ضرورت پر زور دیا۔
بوغالی نے شاہ چراغ میں حالیہ دہشت گردانہ حملے اور بے گناہوں کو نشانہ بنائے جانے کی مذمت کی۔
الجزائر کے اسپیکر نے عالم اسلام کے بہت سے مسائل اور بحرانوں میں صیہونی حکومت کے رول کا ذکر کرتے ہوئے زور دیا کہ الجزائر، فلسطین کے عوام کے حقوق کی عادلانہ بازیابی تک ان کی حمایت جاری رکھے گا۔
آپ کا تبصرہ