پابندیوں کے باوجود ایران کی ترقی و پیشرفت حیرت انگیز ہے۔ صدر پاکستان

صدر پاکستان نے کہا ہے کہ نئے ایرانی سفیر سے سفارتی اسناد وصول کرتے ہوئے ہمسایہ ملکوں کے درمیان تعلقات اور انکی اہمیت اور مشترکہ اقتصادی تعاون کے فروغ کو ضروری قرار دیا ہے۔

اسلام آباد- ارنا۔ ایران کے نئے سیفر رضا امیر مقدم نے جمعرات کو ایوان صدر اسلام آباد میں پاکستان کے صدر عارف علوی سے ملاقات اور سفارتی اسناد انہیں پیش کیں۔

صدر عارف علوی نے نئے ایرانی سفیر سے سفارتی اسناد وصول کرتے ہوئے ہمسایہ ملکوں کے درمیان  تعلقات انکی اہمیت اور مشترکہ اقتصادی تعاون کے فروغ کو ضروری قرار دیا ہے اور یہ بات زور دے کر کہی کہ تمامتر پابندیوں اور رکاوٹوں کے باوجود  ایران کی قابل دید ترقی و پیشرفت ہمارے لیے خوشی کا باعث ہے۔  

ایران کے نئے سفیر نے اس موقع پر پاکستان کے ساتھ  تمام شعبوں میں تعاون اور تعلقات کے فروغ پر زور دیا۔

انہوں نے دونوں ملکوں کے تعلقات کی موجودہ سطح نیز ایران پاکستان کے تعلقات کے فروغ خاص طور سے اقتصادی اور تجارتی تعلقات کی تقویت کےبارے میں اپنے پروگراموں کی ایک رپورٹ بھی صدر عارف علوی کو پیش کی۔

امیری مقدم نے صدر پاکستان  کو اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر آیت اللہ سید رئیسی کا  پرخلوص سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ دوست اور مسلم ممالک بالخصوص پاکستان سمیت پڑوسیوں کے ساتھ تعلقات کا فروغ تہران کی خارجہ پالیسی کی ترجیحات میں سرفہرست ہے۔

 پاکستان میں ایران کے سفیر نے دوطرفہ تعلقات کے بڑھتے ہوئے رجحان پر اطمینان اور خاص طور پر دونوں کے درمیان سرحدی مارکیٹ کے قیام  اور بجلی کی ترسیل جیسے اہم منصوبوں کے افتتاح پرخوشی کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران پاکستان کے دوست اور برادر ملک کے ساتھ بالخصوص معیشت، سرحدی تجارت اور توانائی کے شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے قرآن پاک کی توہین پر پاکستانی حکومت اور عوام کے موقف کو بھی سراہا۔ امیری مقدم نے  مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں صیہونی حکومت کے جرائم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات انتہائی مضحکہ خیز ہے کہ اسرائیل کی نسل پرست اور طفل کش حکومت نے پاکستان میں انسانی حقوق کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا ہے۔

فریقین نے ایران اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تعاون سے متعلق تازہ ترین پیش رفت، علاقائی تبدیلیوں، عالم اسلام کے مسائل اور مختلف بین الاقوامی مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی مذمت کرتے ہوئے پاکستان کے صدر علوی نے اسلامو فوبیا کے رجحان کے مقابلے میں اسلامی دنیا کے دو اہم اور بااثر ممالک کی حیثیت سے ایران اور پاکستان کے اہم کردار پر زور دیا۔

صدر پاکستان نے پڑوسیوں کے ساتھ تعلقات کے فروغ کی غرض سے ایران کے صدر کی ذاتی دلچسپی  کو سراہتے ہوئے تہران اور ریاض کے درمیان تعلقات کی بہتری کو خطے اور عالم اسلام کے لیے فائدہ مند قرار دیا اور اس بات زور دیا کہ ایران پاکستان گيس پائپ لائن منصوبے کی تکمیل کے لیے راستہ پوری طرح ہموار ہے۔ 

صدر عارف علوی نے پاکستان میں ایرانی سفیر کے لیے سفارتی مشن میں کامیابی کی تمنا کرتے ہوئے  کہا کہ دونوں ہمسایہ ممالک کے اعلیٰ حکام کی جانب سے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے کی کوششیں مسلسل جاری رہیں گی۔

ہمیں اس ٹوئٹر لنک پر فالو کیجئے @IRNA_Urdu   

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .