پاکستان اور ہندوستان کے مابین امن کی ہر کوشش کے لیے تیار ہیں: صدر پزشکیان

تہران/ ارنا- عیدالاضحی کی مناسبت سے پاکستان کے وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے ٹیلی فونی گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان امن کی ہر کوشش اور اقدام کی حمایت کرتے ہیں اور ثالث کا کردار بھی ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔

صدر مسعود پزشکیان نے اس موقع پر حج کو عالم اسلام کے اتحاد کا جلوہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ سب مسلمانوں کا ایک خدا، ایک رسول، ایک قرآن اور ایک قبلے پر ایمان ہے اور عید الاضحی بھی تمام مسلمانوں کے اتحاد، یکجہتی اور برائیوں سے پرہیز کی علامت ہے جس کی بنیاد پر ہم سب متحد ہوسکتے ہیں۔

صدر مملکت نے اس موقع پر پاکستان کے وزیر اعظم کے دورہ اسلام آباد کی دعوت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ مشترکہ کمیشنوں اور ٹیموں کو ضروری ہدایات دی جا چکی ہیں تا کہ مستقبل قریب میں ایران اور پاکستان کے تعلقات میں مزید فروغ آسکے۔

صدر پزشکیان نے اس موقع پر کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی اصولی پالیسی کی بنیاد عالم اسلام سمیت پوری دنیا میں کشیدگی کم یا ختم کرانے پر رکھی گئی ہے لہذا پاکستان اور ہندوستان کے مابین پائیدار امن کو یقینی بنانے کے لیے ہر اقدام اور کوشش کا خیرمقدم اور ثالث کا کردار ادا کرنے کے لیے مکمل طور پر تہران کی تیاری کا اعلان کرتے ہیں۔

پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی اس موقع پر عیدالاضحی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے صدر مملکت کو اسلام آباد کے دورے کی دعوت دی۔

انہوں نے کہا کہ صدر پزشکیان کے دورہ پاکستان سے معاہدوں پر عملدرامد کی رفتار کو تیز اور مزید دوطرفہ سمجھوتے حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ ہندوستان اور پاکستان کی کشیدگی کو کم کرنے کے لیے ایران کی کوششوں اور ثالثی کے کردار کو اس سے قبل بھی سراہ چکے ہیں اور اس سلسلے میں تہران کی مزید کوششوں کا خيرمقدم کرتے ہیں۔

پاکستان کے وزیر اعظم نے اس موقع پر رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای کو خصوصی سلام اور عید کی مبارکباد کا پیغام بھی بھیجا۔

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .