ارنا کے مطابق اقوام متحدہ کے ویانا ہیڈکوارٹر میں اسلامی جمہوریہ ایران کے نمائندہ دفتر نے ایران کے ایٹمی پروگرام کی پر امن ماہیت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل رافائل گروسی کی رپورٹ مسترد کردی ہے۔
ویانا میں ایران کے نمائندہ دفتر نے کہا ہے کہ ایران کے پرامن ایٹمی پروگرام کے بارے میں آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل کی اس رپورٹ کا متن اور لحن سخت قابل اعتراض ہے۔
اقوام متحدہ کے ویانا ہیڈکوارٹر میں ایران کے نمائندہ دفتر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ رپورٹ اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل نے غیر جانبداری سے آشکارا انحراف کیا ہے۔
بیان میں اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف لگائے جانے والے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ہمارا ایٹمی پروگرام مکمل طور پر شفاف ہے اور ایجنسی کی نگرانی میں کام کررہا ہے، نہ اس میں کسی قسم کا کوئی انحراف ہے اور نہ ہی کوئی غیر اعلا نیہ سرگرمی ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے نمائندہ دفتر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جو معاملہ ختم ہوچکا تھا، اس کو بعض حکومتوں کے دباؤ میں آکر دوبارہ کھولنے کا ایجنسی کا اقدام اس بین الاقوامی ادارے کی تکنیکی اور غیر جانبدارانہ ذمہ داری کے منافی ہے۔
آپ کا تبصرہ