Innotex 2025 نمائش تہران میں جاری، 3 نالج بیسڈ مصنوعات کی رونمائی

تہران/ ارنا- نائب صدر برائے سائنسی امور حسین افشین نے آج جمعرات کے روز اینوٹیکس 2025 سائنسی نمائش میں شرکت کرکے ایرانی نالج بیسڈ کمپنیوں کی 3 جدید مصنوعات کی رونمائی کی۔

پہلی رونمائی شریف پولی ٹیکنیکل یونیورسٹی میں موجود ایک نالج بیسڈ کمپنی کی پیداوار تھی۔ اس کمپنی نے ایران کا پہلا پراسیسنگ اینڈ سیونگ سرور ہارڈویئر تیار کیا ہے جسے آئی ٹی کے شعبے کے علاوہ سائنسی، فوجی اور صنعتی شعبوں میں استعمال کیا جا سکتا ہے اور اس کی پراسیسنگ صلاحیت بہت زیادہ ہے جو مصنوعی ذہانت اور اشیا کے انٹرنیٹ کے لیے انتہائی مناسب ہے۔

نائب صدر برائے سائنسی امور حسین افشین نے اس کے علاوہ گيس ٹربائن انجن کو کنٹرول کرنے کے ایک سسٹم کی بھی رونمائی کی۔ Turbo APM  نام کے اس سسٹم کی مدد سے گیس ٹربائن انجنوں کی ہر لمحے کی کارکردگی، وائبریشن اور فالٹس کی تشخیص دی جا سکتی ہے جس کی مدد سے اس بات کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ اس نوعیت کا انجن کتنے دن خدمات پیش کر سکتا ہے۔

اس سسٹم کو گیس، تیل، پیٹروکیمیکل، اسٹیل اور کان کنی کے شعبوں میں بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

نائب صدر نے اس کے علاوہ ایک اور نالج بیسڈ کمپنی کی پیداوار کی بھی رونمائی کی جسے "فلانجڈ انڈسٹریل الیکٹریکل ہیٹر" کہا جاتا ہے۔

یہ ہیٹر تیل، گیس اور پیٹروکیمیکل صنعتوں میں درجہ حرارت کو انتہائی باریک بینی کے ساتھ کنٹرول کر سکتا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ یہ ایجادات صنعتی پیداوار کی سطح تک پہنچ چکی ہیں اور مارکیٹ میں داخل ہونے والی ہیں۔

"اینوٹیکس 2025" سالانہ نمائش اب تک 14 بار منعقد ہوچکی ہے جہاں ایران بھر کی نالج بیسڈ کمپنیاں اپنی تازہ ترین پیداوار اور ایجادات کو پیش کرتی ہیں۔

یہ نمائش جمعہ 2 مئی کو اپنے اختتام کو پہنچے گی۔

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .