انہوں نے اپنے اس پیغام میں لکھا ہے کہ صیہونی حکومت نے ایک دن کے اندر 180 معصوم فلسطینی بچوں کو شہید کرکے، 7 دہائیوں پر مشتمل اپنے مجرمانہ دور حیات کی سب سے بڑی نسل کشی کا ارتکاب کیا ہے۔
اسماعیل بقائی نے اس پیغام میں مزید لکھا ہے کہ دنیا پر واضح ہوگیا ہے کہ اسرائیل، بچوں کا قتل کرنے والی، غاصب، جرائم پیشہ اور قاتل حکومت ہے جو امریکہ کے ساتھ مل کر اور اس کی مکمل حمایت کے ساتھ فلسطینیوں کی نسل کشی اور انہیں جڑ سے ختم کرنے میں مصروف ہے۔
ترجمان وزارت خارجہ کے اس پیغام میں آیا ہے کہ بعض مغربی ممالک نے بھی اپنی خاموشی اور بے عملی کے ذریعے بے گناہ اور بے دفاع فلسطینیوں کے خون سے اپنے ہاتھوں کو رنگ لیا ہے۔
انہوں نے ایکس سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے ذمہ دار دیگر اداروں نے بھی معصوم فلسطینی بچوں کے وحشیانہ قتل عام اور ان پر تشدد کے خلاف ردعمل ظاہر کرنے کے بجائے موت کی خاموشی اختیار کر رکھی ہے جسے اس گہرے زخم پر نمک چھڑکنے کے علاوہ اور کچھ بھی نہیں کہا جا سکتا۔
اسماعیل بقائی نے اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ وقت آگيا ہے کہ دنیا ہوش کے ناخن لے، موجود دور کے اس تاریخی اور بہیمانہ ترین ظلم کے خلاف اٹھ کھڑی ہو اور فلسطینی بچوں کے خلاف گھناؤنے جرائم کا ارتکاب کرنے والوں کو حاصل سزا سے استثنا کو ختم کرے۔
انہوں نے لکھا ہے کہ صیہونی حکومت اور اس کے حامیوں کو غزہ اور غرب اردن میں گھناؤنے جرائم کے ارتکاب کے لیے کٹہرے میں کھڑا کرنے کا وقت آگیا ہے۔
آپ کا تبصرہ