ہماری انگلی لبلبی پر ہے، غزہ پر جارحیت کی تو جواب سخت ہوگا، انصاراللہ کے سربراہ کا امریکہ اور اسرائیل کو انتباہ

تہران/ ارنا- یمن کی انصاراللہ تحریک کے سربراہ عبدالملک بدرالدین الحوثی نے ٹرمپ کو مخاطب کرکے کہا ہے ہے کہ اے احمق! تم یہ سمجھ رہے ہو کہ غزہ کے عوام جنہوں نے بمباریوں کے سامنے استقامت کا مظاہرہ کیا وہ تمھیں اپنا وطن بیچ دیں گے؟

انصاراللہ یمن کے سربراہ نے صنعا سے امریکی افواج کے انخلا کی سالگرہ پر کہا کہ امریکہ دوسرے ممالک کی دولت کی جانب حرص اور لالچ رکھتا ہے اور اس کی کوشش رہتی ہے کہ دوسرے ممالک کے قدرتی ذخائر اور دولت پر قبضہ کرلے۔

سید عبدالملک بدرالدین الحوثی نے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ کی باتوں سے ہی امریکہ کی لالچ کا اندازہ ہوجاتا ہے جو کہ صرف مسلم ممالک تک محدود نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی امت اسلامیہ کو اپنے ایک وقت کا کھانا سمجھتے ہیں اور ان کے قریب امت کے دولتمند ملکوں کی حیثیت دودھ دینے والی گائے سے زیادہ نہیں۔

انصاراللہ کے سربراہ نے کہا کہ امریکیوں نے مختلف قوموں کو لوٹنے میں مہارت حاصل کرلی ہے بس فرق اتنا ہے کہ ٹرمپ اپنے انہیں ارادوں کو زبان پر لے آتا ہے ورنہ امریکہ ہر دور میں حریص اور لالچی رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ کو دوست بنا کر اور راضی رکھ کر مثبت نگاہ اور احترام کی توقع نہیں رکھی جا سکتی کیونکہ جو بھی ان سے زیادہ محبت اور دوستی کا اظہار کرتا ہے، واشنگٹن اسے زیادہ حقیر سمجھتا ہے۔

سید عبدالملک بدرالدین الحوثی نے کہا کہ بعض عرب لیڈروں نے امریکہ کے ساتھ تعاون کیا لیکن جب امریکہ کا کام نکل گیا تو انہیں بہت آسانی سے اپنے حال پر چھوڑ دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ ان لوگوں کو بے سہارا چھوڑ دیتا ہے جو اس کے ساتھ کھڑے رہتے ہیں جس کے متعدد ثبوت بھی موجود ہیں۔

انصاراللہ کے سربراہ نے عرب ممالک پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب امریکہ کسی ملک کے خلاف جارحانہ رویہ اپناتے ہوئے اسے اقتصادی پابندیوں کا نشانہ بناتا ہے تو عرب قرآن سے زیادہ امریکہ کے حکم کی پیروی کرتے ہیں اور اس کے پابند بن جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عرب اور اسلامی دنیا نے طوفان الاقصی کے موقع پر یا تو اس کے خلاف سازش کی یا کم سے کم استقامتی محاذ کی پیٹھ میں چھرا گھونپا۔

انصاراللہ یمن کے سربراہ نے کہا کہ عرب حکومتیں صرف بیان جاری کرتی ہیں اور ان میں عملی اقدام کا کوئی عزم نہیں ہے۔ انہوں نے ان حکومتوں کو غدار قرار دیا جو صیہونی حکومت کے ساتھ حالات معمول پر لائیں اور اپنے اس فیصلے سے پلٹی بھی نہیں جو اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ سازشی ٹولے میں شامل ہیں۔

انہوں نے زور دیکر کہا کہ جانور بھی دشمن اور دوست کی پہچان رکھتے ہیں لیکن بعض عرب، ایران کو دشمن اور اسرائیل کو دوست سمجھ بیٹھے ہیں۔

انہوں نے خبردار کیا کہ انصاراللہ کا ہتھیار تیار اور انگلی لبلبی پر ہے اور اگر صیہونیوں نے غزہ کے خلاف کوئی حرکت کی، تو فوری طور پر کشیدگی میں اضافہ کیا جائے گا۔

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .