ارنا کے مطابق حماس نے ایک بیان جاری کرکے جنین ميں چند فلسطینیوں کی شہادت پر تعزیت پیش کرتے ہوئے صیہونی فوجیوں سے فلسطینی مجاہدین کے دلیرانہ مقابلے کو قابل تعریف بتایا ہے۔
حماس نے غرب اردن میں فلسطینی عوام اور انقلابی نوجوانوں سے عام لام بندی اور صیہونی فوجیوں سے لڑائی میں شدت لانے نیز جنین اور اس کے کیمپوں پر صیہونی حملوں کو ناکام بنانے کی اپیل کی ہے۔
حماس نے اپنے بیان میں جنین پر صیہونی فوجیوں کے حملوں کو 48 گھنٹے گزرجانے کے بعد نام نہاد خود مختار فلسطینی انتظامیہ سے وابستہ اداروں کی روش کو حیرت انگیز قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ ملت فلسطین کے خلاف صہونی حکومت کے یہ حملے بھی اس کے دیگر حملوں کی طرح ناکام رہیں گے ۔
جہاد اسلامی فلسطین نے بھی اعلان کیا ہے کہ غرب اردن میں غاصب صیہونی حکومت کے وزیر اعظم نتن یاہو کا آہنی دیوار بھی ملت فلسطین کے وسیع قتل عام کا ہی تسلسل ہے۔
جہاد اسلامی فلسطین نے کہا ہے کہ یہ وحشیانہ جرائم غزہ میں اپنے اہداف میں صیہونی حکومت کی ناکامی اور شکست کو بیان کرتے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ نتن یاہو کی حکومت اس حملے کے ذریعے اپنے حکمراں اتحاد کو بچانے کی ناکام کوشش کررہی ہے۔
جہاد اسلامی فلسطین نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس کے مجاہدین غرب اردن کے شہروں اور کیمپوں میں،دیگر مجاہدین کے شانہ بشانہ،صیہونی جارحیتوں کا مقابلہ کررہے ہیں۔
جہاد اسلامی فلسطین نے اسی کے ساتھ غرب اردن کے عوام سے غاصب فوجیوں کے مقابلے میں سبھی راستوں اور وسائل سے کام لینے اور اس کو اس کے سبھی اہداف میں ناکامی اور شکست سے دوچار کرنے کی اپیل کی ہے۔
آپ کا تبصرہ