ارنا نے القاہرہ 24 سائٹ کے حوالے سے خبر دی ہے کہ شام کی سرزمین کے ایک اور حصے پر غاصب صیہونی حکومت کے قبضے کا جائزہ لینے کے لئے عرب لیگ کی کونسل کا اجلاس ہوا۔
اس اجلاس میں شام کے حالیہ تغیرات کے بارے میں عرب ملکوں کی قرار داد پاس کی گئی۔
اس قرار داد میں بفرزون اور اس سے ملحقہ علاقوں، جبل الشیخ، القنیطرہ اور دمشق کے مضافاتی علاقوں میں صیہونی فوج کی پیشقدمی کی مذمت کی گئی ہے اور اس اقدام کو شام اور اسرائيلی حکومت کے 1974 کے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے۔
عرب لیگ کی قرار داد میں کہا گیا ہے کہ 1974 میں پاس ہونے والی سلامتی کونسل کی قرار داد 350 کے مطابق جنگ بندی معاہدہ بدستور باقی اور معتبر ہے، بنابریں شام کے موجودہ سیاسی تغیرات سے یہ معاہدہ متاثر نہیں ہوگا۔
عرب لیگ نے شام کے فوجی اور غیر فوجی مراکز پر صیہونی حکومت کے مسلسل حملوں کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ جولان کی بلندیاں شامی سرزمین کا حصہ ہیں اور ان کی یہ حیثیت ہمیشہ باقی رہے گی۔
آپ کا تبصرہ