وزیر انصاف:لبنان اورغزہ کے بچوں کے قتل عام پر صیہونی حکومت کے خلاف مقدمہ ضروری ہے

 تہران – ارنا – اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر انصاف اور بچوں کے حقوق کے قومی مرکز کے سربراہ نے غزہ اور لبنان میں دسیوں ہزار بچوں کے قتل عام کو وحشیانہ ترین تشدد قرار دیا ہے۔

 ارنا کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وزير انصاف امین حسین رحیمی نے آج جمعے کو کولمبیا میں  بچوں کے خلاف تشدد ختم کئے جانے کے زیر عنوان منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب میں، غزہ اور لبنان میں دسیوں ہزار بچوں کے قتل عام، لاپتہ، اور لاوارث ہوجانے پر گہری تشویش ظاہر کی۔

انھوں نے کہا کہ یہ بچوں کے حقوق کے کنوینشن کی کھلی خلاف ورزی، وحشیانہ ترین تشدد اور ایسا المیہ ہے جس کی کوئی مثال نہيں ملتی۔

     امین حسین رحیمی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران بچوں کے خلاف صیہونی حکومت کا تشدد روکے جانے پر زور دیتا ہے اور اس کانفرنس کے شرکا سے مطالبہ کرتا ہے کہ اس سلسلے میں فوری طور پر قابل توجہ اقدامات انجام دیں۔     

انھوں نے کہا کہ  غزہ اور لبنان میں معصوم بچوں کو پہنچنے والے نقصانات کا تعین کیا جائے، ان پر حملوں کو جنگی جرم قرار دیا جائے اور ان جرائم کے مرتکب صیہونیوں اور ان کے حامیوں پر مقدمہ چلایا جائے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر انصاف نے غزہ اور لبنان میں بچوں کو پہنچنے والے نقصانات کی تلافی کے لئے ایک خصوصی ورکنگ گروپ تشکیل دینے کا بھی مطالبہ کیا۔

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .